• news

اقلیتوں نے ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، مذہبی ہم آہنگی چاہتے ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام امتیازات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و ملت کے استحکام اور سر بلندی کے لیے مل کر کام کیا جائے۔ صدر مملکت نے یہ بات اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے ایوان صدر میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی رواداری کی بنیاد محض قوانین اور آئین میں فراہم کیے گئے تحفظات پر ہی نہیں بلکہ اس کی بنیاد ہماری تہذیبی روایات اور دینی تعلیمات بھی فراہم کرتی ہیں۔ ہر شہری کے ساتھ مساوی سلوک اور رواداری کے جذبات ہمارے جسم میں لہو کی طرح دوڑتے ہیں۔ اقلیتی بھائیوں کا احترام ہمارے قومی مزاج، ہماری تعلیمات اور تربیت کا حصہ ہے اور پاکستان کو اس کی اصل منزل اور ترقی کے بامِ عروج تک پہنچانے کے لیے یہی جذبہ کام آئے گا۔ ملک کے کچھ حصوں میں بعض اوقات ایسے واقعات رونما ہو جاتے ہیں جن کی وجہ سے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری متاثر ہوتی ہے۔ اس ناپسندیدہ طرز عمل کی حمایت نہ پاکستان کے عوام کرتے ہیں اور نہ اس ملک کا قانون اور عقیدہ اس کی اجازت دیتا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ ایسے واقعات کے ذمہ دار مٹھی بھر گمراہ اوربد نیت لوگ ہیں جومذہب کا نام استعمال کرکے دینِ اسلام، وطن عزیز اورقوم کی بدنامی کا ذریعہ بنتے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کہ اقلیتوں کے خلاف رونما ہونے والے واقعات کے پس پشت بعض اوقات بدنیتی اور مادی مفادات بھی کار فرما ہوتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت ان عناصر کی سرکوبی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتی برادریوں نے مادرِ وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

صدر ممنون

ای پیپر-دی نیشن