• news

الیکشن کمشن نے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک مشینوں کیلئے پھر ڈیٹا مانگ لیا

لاہور (خبر نگار) الیکشن کمشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت نادرا سے این اے 120 لاہور اور پی پی 4 گوجر خان میں بائیومیٹرک مشینوں کے تجرباتی استعمال کے لئے ووٹر لسٹ، انگوٹھوں کے نشانات اور تصاویر کا مطلوبہ ڈیٹا فوری طور پر مانگ لیا ہے۔ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ بار بار یاد دہانیوں اور سرکاری خطوط کے باوجود اس نے ابھی تک بائیومیڑک مشینوں کے استعمال کے لئے مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم نہیں کیا اب آرٹیکل 220کے تحت ہدایت کی جاتی ہے کہ فوری طور پر 17 اگست یا اس سے پہلے مطلوبہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کر دیں۔ تاکہ مذکورہ بالا حلقوں کے ضمنی انتخابات میں ان کا استعمال کیا جائے۔ گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے نادرا کے چیئرمین کو خط لکھا اور ان کو ہدایت کی کہ وہ مطلوبہ ڈیٹا فراہم کر دیں کیونکہ نادرا کو اس سے پہلے چھ مرتبہ خطوط لکھے گئے اور نادرا کے چیئرمین کی سیکرٹری الیکشن کمشن سے اس سلسلے میں میٹنگ بھی ہوئی۔ الیکشن کمشن کی بار بار یاد دہانیوں کے باوجود بھی الیکشن کمشن کے حکم کی تعمیل نہیں کی گئی اور اس وجہ سے الیکشن کمشن پی –ایس 114 کراچی کے ضمنی انتخابات میں بھی ان بائیومیٹرک مشینوں کو استعمال نہیں کر سکا۔ الیکشن کمشن نے اس خط کی کاپیاں وفاقی وزیرداخلہ، سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قومی اسمبلی کو بھی بھجوائی ہیں۔ سیکرٹری قومی اسمبلی سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کو پارلیمانی اصلاحاتی کمیٹی کے سامنے پیش کرے۔ سیکرٹری داخلہ کو اس سلسلے میں فوری ایکشن کی درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمانی اصلاحات کمیٹی کی 100 سے زائد میٹنگز ہو چکی ہیں اور ان میٹنگز میں الیکشن کمشن اور نادرا موجو دتھے۔
بائیو میٹرک

ای پیپر-دی نیشن