• news

میاں صاحب چمڑی اور دمڑی بچانا چاہتے ہیں ایسا نہیں ہو گا: قمر زمان کائرہ

چنیوٹ + لاہور (خبر نگار/نامہ نگار/ نوائے وقت رپورٹ/این این آئی) جمہوریت اور ملک کی خاطر پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور کسی ظالم حکمران کے سامنے اپنا سر نہیں جھکایا‘ اپنے ملک میں ہی رہ کر تمام حالات کا مقابلہ کیا‘ ہمیشہ پیپلزپارٹی نے غریب عوام کے حقوق کی بات کی‘ عوام آئندہ الیکشن میں کھوٹے سکوں کاساتھ نہیںدے گی بلکہ پیپلز پارٹی کوووٹ دے کر کامیاب کروائے گی‘ ہم نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری جلسہ عام میں پارٹی مستقبل ایجنڈا بتائیں گے نااہل وزیراعظم نوازشریف نہ جانے کس کے خلاف جلوس نکال رہے ہیں ان کی نااہلی کا فیصلہ تو عدالت نے کیا ہے‘ لوڈشیڈنگ ختم کرنے والوں کے دعوے عوام کے سامنے ہیں‘ دہشت گردی انتہاءپسندی نے ملک کو کمززور کر دیا‘ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت دے کر اس کا مقام بلند کیا اس کی وجہ سے آج بھی پیپلز پارٹی لوگوں کے دلوں میں بستی ہے اس موقع پر جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی پنجاب ندیم افضل چن، ڈویژنل صدر پیپلز پارٹی سید حسن مرتضیٰ، سٹی صدر چنیوٹ علی رضا زیدی بھی موجود تھے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ میاں صاحب کہتے ہیں مجھے بیٹے نے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ نیب ریفرنس بھیجنا کرپشن کا کیس نہیں تو اور کیا ہے؟ ایم پی ایز اور ایم این ایز جی ٹی روڈ پر لوگوں کو نکال کر لا رہے ہیں۔ قمرزمان کائرہ اور ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ میاں صاحب اپنی چمڑی اور دمڑی بچانا چاہتے ہیں مگر ایسا نہیں ہوگا ۔میاں صاحب جو مرضی کر لیں اب کسی بھی صورت وزیرا عظم نہیں بن سکتے ،پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن اور سب سے بڑے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ میرے شہر کا ایک بچہ ریلی کی بھینٹ چڑھ گیا اور یہ لوگ اسے سیاسی شہید کہہ رہے ہیں جوکہ شرمناک ہے جبکہ اس معصوم بچے کے اہل خانہ ان کے خلاف ماتم سرا ہیں ، انہوں نے کہا کہ ریلی نکالنے کا آپ کو کو ئی حق نہیں میاں صاحب آپ نا اہل ہو چلے ہیں۔آپ کے قافلے میں کسی ایمبولنس نے اس بچے کو طبی امدادنہیں دی ۔NA 120میں پیپلزپارٹی بھر پور الیکشن لڑےگی۔
کائرہ

ای پیپر-دی نیشن