پاکستانی فوج فیڈریشن کی علامت‘ میں وفاق کا حامی ہوں: پیر پگاڑا
کراچی (این این آئی) حُروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیرصاحب پگاڑا نے کہا ہے کہ میںفیڈریشن کے ساتھ اور اسکا حامی ہوں اور پاکستانی فوج فیڈریشن کی علامت ہے، فیڈریشن کی کی بقا اور استحکام کیلئے ہر کسی کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، انکی یہ دیرینہ خواہش ہے کہ مسلم لیگی تمام دھڑے متحد ہوجائیں، مجھے کوئی عہدہ نہیں چاہئے، اگر قیادت کیلئے پنجاب سے بھی کوئی سامنے آجائے تو وہ ہمیں قابل قبول ہوگا، پہلے ہم کسی کی مدد کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں اور آنے والے دنوں میں کنگری ہاﺅس ہماری بھر پور سرگرمیوں کا مرکز ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کی شام کنگری ہاﺅس کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل سندھ کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کونسل نے سردار عبدالرحیم کو پارٹی کا بلامقابلہ جنرل سکریٹری بھی منتخب کرلیا۔
پیر پگاڑا