• news

امید ہے پیپلز پارٹی جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ساتھ دیگی: مریم اورنگزیب، کوئٹہ حملے کی مذمت

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ ہمارے جوان دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت رہا ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ آن لائن/صباح نیوز کے مطابق مارگلہ ریلوے سٹیشن پر آزادی ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا ریلی میں لاکھوں لوگوں کی شرکت نواز شریف کی قیادت و صداقت پر اعتماد کا ثبوت ہے، نواز شریف نے قلیل عرصے میں ملک کو بام عروج پر پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں لہٰذا ہم توقع کرتے ہیں کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے پیپلزپارٹی کی قیادت ہمارا ساتھ دے گی کسی بھی صورت جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کا حصہ نہیں بنے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن