آزاد قوم، خودمختار ریاست نہیں، کالے صاحب نے تسلط قائم کررکھا ہے: رضا ربانی
کراچی ( خبرنگار +آ ئی این پی) چیئرمین سینٹ رضاربانی نے کہا ہے یہ درست نہیں ہم ایک آزاد قوم اور خودمختار ریاست ہیں، انگریزوں کے بعد کالے صاحب نے ملک میں تسلط قائم کررکھاہے، کالا صاحب نے انتہاپسند جماعتوں، وزیروں اور سرما یہ داروں سے اتحاد کرکے اس تسلط کو برقرار رکھاہے،کالے صاحب کا پاکستانی سرمایہ دار اتحادی بناجس نے ٹریڈیونینز کو فسادی قرار دیا،سینٹ کی کمیٹی طلبہ تنظیموں پر سے پابندی ختم کرنے کے قانون کا جائزہ لے رہی ہے،دہشتگردی اور تشدد کی سوچ تعلیمی اداروں میں پرانی روایت کو دوبارہ بحال کرنے سے ختم ہونگی، جمہوریت میں جاگیردار اور وڈیروں کا تسلط بڑھ گیاہے، غریب الیکشن بھی لڑ نہیں سکتا، یہ نظام جاگیردار اور سرما یہ دار کے مفاد کیلئے بن گیاہے۔ ملکی قوانین میں چار مختلف معیار بنائے گئے ہیں، امیروں، غریبوں، جاگیرداروں، وڈیروں اور عام شہریوں کیلئے مختلف قانون استعمال ہوتاہے۔ سندھ لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کے مزدور کا بچہ بھی مقروض بن چکاہے۔ جنرل ضیاء کے دور میں سب سے پہلے طلبہ تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی۔ مذہبی جماعتوں کو کھلی اجازت دی گئی۔ اس سوچ نے آج کی انتہاپسندی کو جنم دیا۔ ٹریڈ یونینز کو بحال کیاجائے اور تمام مزدور دشمن پالیسیاں ختم کی جائیں۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ٹریڈ یونینز کو بند کردیا گیا۔ تشدد اور دہشتگردی کو روکنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کئے۔ یہ سوچ نیشنل ایکشن پلان یا حکومتی اقدامات کے ذریعے ختم نہیں ہوگی۔