پاکستان کا 71واں یوم آزادی کل سوموار 14 اگست کو قومی جذبے کے ساتھ انتہائی جوش و خروش سے منایا جائیگا
لاہور ، اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ صباح نیوز) پاکستان کا 71واں یوم آزادی کل سوموار 14 اگست کو قومی جذبے کے ساتھ انتہائی جوش و خروش سے منایا جائیگا۔ یوم آزادی منانے کی تقریبات کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ گھروں، دفاتر اور بازاروں میں سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں۔ سرکاری و غیر سرکاری عمارات پر چراغاں کا اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ خصوصی تقریبات کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں۔ سوموار کے دن کا آغاز نماز فجر سے قومی سلامتی اور ملک کی خوشحالی کیلئے دعا¶ں سے ہو گا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی دی جائیگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف صبح پونے 9 بجے مزار اقبال پر حاضری دیں گے۔ اس موقع پر وہ چادرپوشی اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس کے بعد شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کریں گے۔ اس موقع پر حضوری باغ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں پرچم کشائی و قومی ترانہ ہو گا۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف حاضرین سے خطاب بھی کریں گے۔ قبل ازیں لارڈ میئر لاہور کرنل مبشر جاوید انہیں خطبہ استقبالیہ پیش کریں گے۔ مزار اقبال پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سمیت مختلف اداروں کے افراد اور شہری بھی حاضری دیں گے اور پھول چڑھائیں گے، فاتحہ خوانی کریں گے۔ جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی۔ ملک بھر کے تمام شہروں میں گلی محلوں اور بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ دریں اثنا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کیلئے وفاقی دارالحکومت کی فضاﺅں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں ہوئیں۔ یوم آزادی کے موقع پر پاک فضائیہ کے ایئر شو کی تیاریاں جاری ہیں اور اسلام آباد کی فضاﺅں میں جنگی جہازوں کی ریہرسل پروازیں جارہی ہیں۔پاک فضائیہ کا ایئر شو 14 اگست کو ایف نائن پارک میں دوپہر ایک بجے ہوگا جس میں ایف 16، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے میں شامل دیگر طیارے حصہ لیں گے جبکہ پہلی مرتبہ آگسٹا ہیلی کاپٹر کی رونمائی بھی کی جائیگی۔ ایئر شو میں مسلح افواج کے کمانڈوز فری فال جمپنگ کا مظاہرہ کریں گے۔ ترکی، سعودی عرب کے طیارے بھی یوم آزادی ایئر شو کا حصہ ہیں اور دونوں دوست ممالک کی ایروبیٹک ٹیمیں زبردست فضائی مظاہرہ پیش کریں گی۔یوم آزادی پر پاک فضائیہ کا ایئر شو کراچی سی ویو پر بھی دوپہر ڈھائی بجے ہوگا۔ سی ویو پر ہونے والے ائرشو میں پاک فضائیہ کا شیردل اسکوارڈن کارکردگی کا مظاہرہ کریگا جبکہ ایف 16 اورجے ایف 17 تھنڈر بھی شو کا حصہ ہوں گے ۔ پاک آرمی اور نیوی کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لیں گے۔علاوہ ازیں پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں خصوصی شرکت کیلئے چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ 2 روزہ سرکاری دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ آج 13 اگست کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ چینی نائب وزیراعظم اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے جبکہ وہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات بھی کریں گے۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وانگ یانگ چینی صدر شی جن پنگ کی ہدایت پر جذبہ خیر سگالی کے طورپر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے جبکہ مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہونگے۔
یوم آزادی/ تیاریاں