• news

رائیونڈ : سوئی گیس پائپ لائن میں دھماکہ، چھت گرنے سے خاتون جاں بحق، 2 گھر تباہ

رائے ونڈ (نامہ نگار) رائے ونڈ سٹی کے علاقہ بستی امین پورہ میں سوئی گیس پائپ لائن پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہونے سے گلی گورنمنٹ سکول والی میں آمنے سامنے دومکان تباہ ہوگئے، مکان کی دیواریں اور چھتیں گرگئیں ، کمرے میں سوئی ہوئی 55سالہ خاتون حمیدہ بی بی بیوہ نواب دین ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی ،محلے داروں نے تین گھنٹے کی مشقت سے نعش کو باہر نکالا، سامنے ہمسائیہ رانا عبدالغفور کا مکان دھماکے کے بعد آگے لگنے سے جل کر تباہ ہو گیا، دونوں گھرانوں کا لاکھوں کا نقصان ہوگیا، حمیدہ بی بی کے بیٹے جاوید، محلے داروں آمنہ نسیم ،عابد ہاشمی ،ملک منیر ،افضال ،عامر نوری وغیرہ نے صحافیوں کو بتایا کہ گلی میں تین دن سے زیر زمین سوئی گیس کا پائپ لیک ہورہا تھا، کئی بار سوئی گیس کے مقامی دفتر فون پر اطلاع دی، عملہ آیا بھی خانہ پری کرکے چلا گیا بعد میں صورتحال جوں کے توں رہنے پر محلے داروں نے اطلاع کی نتیجتاً ہفتہ کی صبح 4 بجے کے قریب گلی میں زیرزمین پائپ لائن اچانک خوفناک دھماکہ سے پھٹ گئی دھماکہ سے پورا علاقہ لرز گیا، دھماکے والی جگہ پر حمیدہ بی بی رہائش پذیر تھی جس پر کمرے کی چھت آگری اس کے مکان کے سامنے رانا عبدالغفور کا مکان بھی سوئی گیس دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کی لپیٹ میں آگیا، گھر میں موجود افراد نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں ، دھماکے سے بجلی اور سوئی گیس کے میٹر ٹوٹ گئے۔ اہل علاقہ نے سوئی گیس عملہ کی لاپرواہی کو حادثہ کی وجہ قرار دیا، واقعہ کی اطلاع پا کر مقامی پولیس اور 1122کا عملہ موقع پر پہنچ گیا لیکن محکمہ سوئی گیس کا کوئی اہلکار موقع پر نہ آیا۔ قبل ازیںمحلے داروں نے پائپ لائن سے سوئی گیس کا اخراج بند کیا۔ متوفیہ حمیدہ بی بی کو مقامی قبرستان میں سپرخاک کردیا گیا۔ اہلیان محلہ سوئی گیس عملہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
خاتون/جاں بحق

ای پیپر-دی نیشن