• news

بھارتی علما نے اپنے قومی ترانے کو غیراسلامی قرار دیتے ہوئے یوم آزادی پر اسے پڑھنے سے انکار کردیا

نئی دہلی (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی علما نے اپنے قومی ترانے کو غیراسلامی قرار دیتے ہوئے یوم آزادی پر اسے پڑھنے سے انکار کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش کی حکومت نے مدارس میں یوم آزادی کی تقریبات منانا لازمی قرار دے دیا۔ مدارس انتظامیہ کو تقریبات کی ویڈیو بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ بھارتی علما نے عوام سے بھی قومی ترانہ نہ پڑھنے کی اپیل کی ہے۔ مولانا اسجد رضا خان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رابندر ناتھ ٹیگور نے یہ ترانہ برطانوی بادشاہ جارج پنجم کی تعریف میں لکھا اور بادشاہ کو اپنا ادھی نایک یعنی تقدیر کا فیصلہ کرنے والا قرار دیا تھا، جبکہ اسلام کی رو سے ہمارا مالک اللہ تعالیٰ ہے، اس لئے ہم یہ ترانہ نہیں پڑھیں گے، یہاں تک کہ راجستھان کے گورنر کلیان سنگھ نے بھی بھارتی قومی ترانے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے اس میں ترمیم کا مطالبہ کیا تھا۔ مولانا اسجد رضا خان نے کہا کہ شریعت کی رو سے تصویر اور ویڈیو بنانا غیراسلامی ہے، حکومت ہم سے مدارس میں شریعت کی خلاف ورزی کا مطالبہ کر رہی ہے۔ پیلی بھیت کے مفتی مولانا زرتاب رضا خان نے بھی کہا کہ وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ متنازع سرکاری حکم نامہ واپس لیں بصورت دیگر مسلمان قانون کی خلاف ورزی پر مجبور ہو جائیں گے۔
قومی ترانہ انکار

ای پیپر-دی نیشن