• news

دفعہ 62، 63 ختم کرنے کی کوشش کرنےوالوں کو سیاست کا حق نہیں: استحکام پاکستان کانفرنس

لاہور(خصوصی نامہ نگار ) ملی مسلم لیگ کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس ناصر باغ مال روڈ پر منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی طرح 73ءکے آئین کا بھی دفاع کریں گے۔آئین کی دفعہ 62 اور 63 کے خاتمہ کی کوشش کرنے والوں کو اس ملک میں سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں۔ہم پاکستان کے نظریہ اور دستور کے محافظ ہیں‘ آئین کو بازیچہ اطفال نہیں بنانے دیں گے۔ اب ملک میں کرپشن، توڑ پھوڑ اور دہشت گردی نہیں چلے گی۔ ملک کو صاد ق اور امین قیادت فراہم کریں گے۔ کانفرنس سے ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، لیاقت بلوچ، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، محمد علی درانی، مولانا فضل الرحمن خلیل، محمدیعقوب شیخ،مولانا امیر حمزہ، سردار گوپال سنگھ چاولہ، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیا ءاللہ شاہ بخاری ودیگر نے خطاب کیا۔ سیف اللہ خالد نے کہاکہ ہم انتشار، پارٹی بازی نہیں بلکہ اتحاد کی سیاست کریں گے،سب مذہبی و سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیموں ،وکلاطلباءسب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اتحاد کی فضا قائم کر کے دشمنوں کو دیس نکالا دیں گے،دنیا ہمیں جانتی ہے ہمیں نان سٹیٹ ایکٹر کہا گیا ۔ہم خدمت کے میدان میں نکلے ،برداشت نہیں کیا گیا، دعوت اور تعلیم کے میدان میں نکلے تو بھی قدغنیں لگائی گئیں۔ہمارے تعلیمی اداروں میں سائنس ،انگلش پڑھائی گئی مگر پھر بھی انہیں برداشت نہیں کیا گیا، کشمیر کی بات کرنا ہمارا جرم قرار دیا گیا،حافظ محمد سعید کشمیریوں کے محسن ہیں انہیں نظربند کیا گیا، ہمارے راستے مسدود کئے گئے پھر ہم نے فیصلہ کیا کہ میدان سیاست میں کھڑے ہوں گے، ہم مال روڈ پر اعلان کرتے ہیں کہ آنے والے سات برسوں میں نظریہ کا پاکستان،قائد اعظم ،علامہ اقبال کے تصور کا پاکستان بنائیں گے۔ پاکستان کا تحفظ اور نظریئے کا دفاع کریں گے۔تعلیمی اداروں میں آٹھ کروڑ طلبا ہیں ہم نظریہ پاکستان کو تعلیمی نصاب کی بنیاد قرار دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این اے120میں محمد یعقوب شیخ صادق و امین امیدوار کی حمایت ملی مسلم لیگ نے کی۔ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں گے۔ اب میدان واضح کرے گا کہ یہ حلقہ نواز شریف کا ہے یا حافظ محمد سعید کا ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کے تاسیسی جلسہ پر قائدین و کارکنان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم طویل مدت سے یہ خواہش رکھتے تھے کہ مخلص اور دین سے محبت کرنے والے لوگ میدان عمل میں آئیں۔ اسلام،نظریہ پاکستان، تہذیب،تعلیم،مدرسہ،یونیورسٹی،سائنس ،ٹیکنالوجی پر جتنی مرضی بات کریں لیکن جب تک اقتدار اور پالیسی پر حق والوں کا غلبہ نہیں ہو گا عوام کو حق نہیں مل سکتا، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں،اب چاہتے ہیں کہ مرضی سے آئین بدلیں ،باسٹھ تریسٹھ بدلیں اور اپنی سوچ کرپشن بدلنے کی بجائے آئین کا حلیہ بدلنا چاہتے ہیں، جب تک ہم زندہ ہیں کوئی یہ آئین نہیں بدل سکتا۔دفاع پاکستان کونسل و جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنے والی جماعت ہے۔ سابق وزیر اعظم آئین بدلنے کی بات کر رہے ہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ہو گی۔ قوم کو سب کا احتساب کرنے کا حق ہے۔ ہم نہیں کہتے کہ ہمیں کرسی دو ہم دودھ اور شہد کی نہریں بہائیں گے۔ ہم ملک میں خدمت انسانیت کی سیاست کریں گے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما محمد علی درانی نے کہا کہ پاکستان کی تینوں بڑی پارٹیاں بھارت سے دوستی کا دم بھرتی ہیں ،تینوں آزاد خیال اور اسلام سے دور ہیں ان کے مقابلے میں ملی مسلم لیگ کا قیام اللہ کے سپاہیوں ،محمد ﷺ کے غلاموں کی جماعت ہے،یہ نظریہ پاکستان کی محافظ ،کشمیریوں کی پشت بانی کرنے والوں کی جماعت کا اعلان ہے۔ آرٹیکل 62,63آئین سے نہیں نکالا جا سکتا کیونکہ اسلام کے نام پر بنا اور اس کو نکالنے والے کا بھی کچھ نہیں رہے گا اسکی سیاست ختم ہو جائے گی۔نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین اور حلقہ این اے120سے امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ہماری سیاست انبیاءاورخلفائے راشدین کی سیاست ہے۔ہم ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کریں گے۔ انصار الامة کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ محمد یعقوب شیخ کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں آج کی کانفرنس سے ثابت ہو گا کہ یہ این اے120کی سیٹ جیتیں گے۔ ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مولانا امیر حمزہ نے کہاکہ ہم دکھائیں گے صدق اور امانت کیا ہے۔ پنجابی سکھ سنگت کے چیئرمین سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کو پارلیمنٹ میں پہنچائیںگے، جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلیٰ علامہ حافظ ابتسام الہیٰ ظہیر نے کہا کہ سیاست کے خلا کو پُر کرنے کے لئے میدان میں آ چکے ہیں۔اب ملک میں لاالہ الااللہ کا پرچم لہرائے گا۔ جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا اب وہی لوگ اسمبلی میں جائیں گے جو صادق و امین ہوں گے۔ الیکشن کمشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آئندہ صرف وہی الیکشن لڑ سکے جو صادق و امین ہو۔متحدہ جمعیت اہلحدیث کے امیر سید ضیا ءاللہ شاہ بخاری نے کہا کہ زندگی میں بڑے سیاسی جلسے دیکھے لیکن آج ملی مسلم لیگ کے کارکنان جیسا جذبہ پہلے کبھی نہیں دیکھا، اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے صدر ذاکر الرحمان صدیقی نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کا قیام نفاذ اسلام کے لئے ہے۔انجمن شہریان لاہور کے چیئرمین محمد شفیق رضا قادری نے کہا کہ تاجر برادری این اے 120میں محمد یعقوب شیخ کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتی ہے۔فلاح انسانیت فاﺅنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرﺅف نے کہا اب ہم میدان میں آ گئے ہیں ، اب ہم کام کریں گے۔ تحریک تحفظ قبلہ اول کے سربراہ رانا شمشاد احمد سلفی نے کہا ہم نظریہ پاکستان کا تحفظ کریں گے۔ معروف سماجی رہنما حق نواز گھمن نے کہا ہم تحفظ نظریہ پاکستان کے لئے کھڑے ہوئے ہیں۔ ملی مسلم لیگ کے سیکرٹری اطلاعات تابش قیوم نے کہا کہ دشمن کے ایجنڈوں پر گامزن آج ملی مسلم لیگ کے قیام سے پریشان ہیں ، ملی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما حافظ خالد ولید نے کہاکہ اس وقت عوام کو عدالتوں کے خلاف کھڑا کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ملی مسلم لیگ سندھ کے رہنما غلام قادر سبحانی، شیخ نعیم بادشاہ، مولانا بشیر احمد خاکی،مولانا ادریس فاروقی،حافظ عثمان شفیق،علی عمران شاہین ودیگر نے کہاکہ ملی مسلم لیگ این اے120سے الیکشن جیتے گی۔
استحکام پاکستان کانفرنس

ای پیپر-دی نیشن