احتساب کی بجائے نواز شریف سے انتقام لیکر مقبول بنا دیا گیا: جاوید ہاشمی
ملتان (سپیشل رپورٹر) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی ووٹ کی پرچی پر ہے، احتساب کی بجائے انتقام لیں گے تو بگاڑ پیدا ہو گا ووٹ کی تذلیل کرنے والوں کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔ 62/63 ملک کے مفاد کے لئے نہیں بلکہ آمر نے اپنے اقتدار کو پروان چڑھانے کیلئے بنائی تھی آئین کو تبدیل کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے ووٹ سے پاکستان کا وجود ہے اور ووٹ سے ملک بنا اورووٹ کے زریعے ہی قائم رہ سکتا ہے، پاکستان اسلام کا عظیم قلعہ ہے عمران خان اور قادری لیڈر نہیں مہرے ہیں پوری قوم کو یوم جشن آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیٹریاٹ فورم کے مرکزی نائب صدر عون شاہ کے زیراہتمام ایس پی چوک پر جشن آزادی کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ میں کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سید راجن بخش گیلانی، ایس پی ٹریفک چوہدری طارق، سماجی رہنما امیراللہ شیخ، باسط قریشی اور راجہ سخی سرور بھی موجود تھے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ میں نے کہا کہ تھا کہ نواز شریف کو نکالا گیا تو وہ مظلوم اور زیادہ مقبول ہو جائے گا۔ قوم کو بتا رہا ہوں کہ پی ٹی آئی میں سازشوں کا تانا بانا بنا جاتا رہا ہے اور میں نے سازشوں کے بارے میں لیگی لیڈروں کو بھی آگا ہ کیا تھا لیکن انہوں نے کہا کہ سب ٹھیک ہے کچھ نہیں ہو گا لیکن اب دیکھ لیں کیا کچھ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں موجود مسلمان سوچتے ہیں۔ ایک اور پاکستان بنے وہاں کے ہندوں نے آج ایک اور پاکستان کی ضرورت پیدا کر دی ہے، اگر آج ہم متحد نہ رہے اور حالات کا صحیح جائزہ نہ لیا انتشار پیدا کیا تو پہلے بھی ملک دولخت ہوا اور اب بھی ووٹ کی تذلیل ہوئی تو خدانخواستہ ہمارا ملک پھر بھی ٹوٹ سکتا ہے ملک کا استحکام، مستقبل اور ترقی ووٹ کی پرچی سے ہے اسی لئے ووٹ کی پرچی کو بے تو قیر نہ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور قادری لیڈر نہیں مہرے ہیں۔ نواز شریف کا احتساب کرنے کی بجائے اسے انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
جاوید ہاشمی