• news

;;نیب نے 3 سال میں 50 ارب روپے ریکور کر کے خزانے میں جمع کرائے:چیئرمین

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب نے3 سالوں میں50 ارب روپے ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قومی احتساب بیورو نے جامع اور فعال انسداد بدعنوانی حکمت عملی اختیار کی ہے۔نیب ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب نے راولپنڈی میں فورنزک سائنس لیب قائم کی ہے جو ڈیجیٹل فورنزکس، دستاویزات اور فنگر پرنٹس کو جانچنے کیلئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ایچ ای سی کے ساتھ ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت ملک بھر کی یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں کے اندر 45 ہزار کردار ساز سوسائٹیاں قائم کی جائیں گی جو طلباءکو کرپشن کیخلاف آگاہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ کے 3 سالہ دور میں نیب نے کرپشن کے 50 ریفرنسز احتساب عدالتوں میں فائل کئے اور 50 ارب روپے ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں جو نیب کی موجودہ انتظامیہ کی ریکارڈ کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل حکمت عملی تحقیق، تفتیش اور انکوائری پر قائم ہے۔ نیب 10 ماہ کی مدت میں موثر انداز میں کیسوں کو نمٹانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ان 10 ماہ میں شکایت کا درج ہونا، اس کی تصدیق اور تفتیش کا عمل شامل ہے جس کے بعد حتمی ریفرنس احتساب عدالت میں دائر ہوتا ہے۔ نیب نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام بھی متعارف کروایا ہے تاکہ نیب کے تجربہ کار اعلیٰ افسران کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ نیب آفیسرز کو قانون اور میرٹ کے مطابق کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عمل کرنا چاہئے۔ احتساب عدالتوں کی کارکردگی کی شرح 76 فیصد ہے جو پاکستان میں انسداد بدعنوانی کے کسی بھی ادارے کے مقابلے میں بہترین شرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن