• news

پاکستان کو ملائیت کی ریاست نہیں بننے دینگے: آصف زرداری

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پوری قوم کو 70 ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ اپنے آباء و اجداد کے تصور کے مطابق ملک کو مساوات پر مبنی ایک رول ماڈل مسلم ریاست بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یوم آزادی کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ بطور ایک ملک بالغ النظری حاصل کرنے کے لئے 70 برس کافی تھے لیکن آمریتوں اور ان کی سیاسی کٹھ پتلیوں نے ہماری ترقی اور کامیابیوں کو متاثر کیا۔ ہماری تاریخ میں جمہوریت کو مختصر سے وقفے ملے جبکہ زیادہ تر وقت آمریتوں اور غیرآئینی حکومتوں میں گذرا جس کے دوران عوام کو سفاکانہ جسمانی و معاشی ظلم کا شکار بناکر تذلیل کی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستانی لوگ آزادی و خودمختاری کے ثمرات سے محروم رہے ہیں۔ نظریہ پاکستان کے دشمنوں نے عوام کے خوابوں کو روندنے کے لیئے دہشت، ہیروئن اور کلاشنکوف کے کلچر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریئے کی اصل مشعل بردار پارٹی ہونے کے باعث پی پی پی کو اس کی قیادت، کارکنان اور ہمدردوں کی قربانیوں کی صورت میں بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے لیکن جمہوریت و بنیادی حقوق کی جدوجہد نہیں رکی۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس پوری پیڑھی اور رہنماﺅں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جنگ آزادی لڑی اور بیشمار جانی، مالی اور مراتب کی قربانیوں کے بعد بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو 70ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ خود کو جمہوریت اور عوام کی فلاح کے لئے وقف کردیں کیونکہ انہی دو نظریوں کے لئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ ملک کی بنیادی قدروں کو خطرات درپیش ہیں۔ آج ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ چند عناصر کی جانب سے پاکستان کو ملائیت کی ریاست بنانے کی کوششوں کو مسترد کر دیں گے اور پاکستان کو کبھی بھی ملائیت کی ریاست نہیں بننے دیں گے۔ ہمارے ذہنوں میں ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کا نظریہ ہونا چاہیے اور عوام کی فلاح و بہبود سے ملک کی سلامتی مستحکم ہوگی۔ آج ہم ان تمام لوگوں کو خرج عقیدت بھی پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان بنانے کی جدوجہد کے لئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا اور مشکلات برداشت کیں۔
زرداری/ بلاول

ای پیپر-دی نیشن