قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعمولی طور پر ایک ہفتہ ملتوی رہنے کے بعد جمعرات کو ہو گا
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کا اجلاس غیرمعمولی طور پر ایک ہفتے تک ملتوی رہنے کے بعد اس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوگا۔ رواں ہفتے آئینی معاملات پر حکومت اپوزیشن جماعتوں میں رابطوں کا قوی امکان ہے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس بارے میں چیدہ چیدہ سیاسی جماعتوں سے براہ راست رابطہ کریں گے۔ قومی اسمبلی میں کورم پورا رہنے میں حکومتی ناکامی پر اجلاس گزشتہ جمعرات کو 17اگست تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ پارلیمانی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی ایک ہفتے تک ملتوی رہے گی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کا اجلاس سہ پہر تین بجے ہوگا۔ یاد رہے کہ پارلیمنٹ کو ایک موثر ادارہ بنانے کےلئے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی طرف سے پیش تجاویز کی گزشتہ شب لاہور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش وزیراعظم محمد نواز شریف بھی حمایت کر چکے ہیں۔
قومی اسمبلی/ اجلاس