گورنر نے اختیارات سے تجاوز کیا تو احتجاج کرینگے: وزیراعلیٰ سندھ
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے نیب اپنا کام جاری رکھے گا لیکن صرف وفاق میں‘ صوبائی محکموں پر اطلاق نہیں ہوگا۔ نوشیرو فیروز میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا گورنر آئینی کردار ادا کریں‘ اس پر کسی کو اعتراض نہیں، گورنر سندھ یا کوئی بھی آئینی حدود سے تجاوز کریگا تو بات کریں گے۔ انہوں نے کہا نیب وفاقی اداروں میں کارروائیاں جاری رکھے گا‘ قانون کے مطابق نیب کے پاس صوبائی محکموں میں کارروائی کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کورٹ میں جانے کا سب کو حق ہے‘ کورٹ جب فیصلہ دیگی تو دیکھ لیں گے۔ صوبے میں ایف آئی اے اپنے شیڈول کے مطابق صرف وفاقی محکموں میں کارروائی کریگی۔ انہوں نے کہا کسی کے آنے جانے سے ادارے تبدیل نہیں ہو جاتے۔ گورنر سندھ اپنا آئینی کردار ادا کریں تو اس پر کوئی اعتراض نہیں لیکن انہوں نے اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کیا تو اس پر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا امید ہے وفاق کیساتھ غلط فہمیاں جلد دور ہوجائیں گی اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا صاف پانی کی فراہمی کیلئے سندھ حکومت کام کر رہی ہے اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے لیکن کچھ لوگ اغوا ہوئے ہیں انکی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں‘ مغویوں کو جلد بازیاب کرانے کی کوشش کرینگے۔ کراچی میں وین میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ