• news

نااہلی ٹھنڈی ہوا کا جھونکا، قاتل بھی انجام کو پہنچیں گے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک اور منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام منعقدہ آزادی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے قائداعظم کے پاکستان کو بدعنوان عناصر کی باقیات سے نجات دلا نے کا وقت آ گیا۔ اپنے مفادات کےلئے آئین بدلنے کی باتیں کرنیوالوں نے آئین کی ہر شق کو 35 سال تک اپنے مفادات کی خاطر بلڈوز کیا۔ اشرافیہ نے جی ٹی روڈ ریلی سے اپنے ہاتھوں سے اپنے چہروں سے نقاب الٹ دئےے، عوام کا بائیکاٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی توثیق ہے۔ 28 جولائی کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ڈبل ہو گیا، آپ نے لوڈشیڈنگ ختم کی ہے تو آج عوام شدید حبس میں 16 گھنٹے کیوں تڑپ رہے ہیں؟ پارلیمنٹ سے لیکر عدلیہ اور جی ٹی روڈ پر جھوٹ بولنے کے ریکارڈ قائم کئے گئے۔ نااہلی کا متفقہ فیصلہ یوم آزادی پر ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔ انشا اللہ اب قوم کو ٹھنڈی ہواﺅں کے جھونکے ہی آئیں گے، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے قاتل بھی اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ عوامی تحریک نے استحصالی نظام کیخلاف جانی و مالی قربانیاں دیں۔ قاتل انقلاب کا لفظ منہ سے نکالتے اچھے نہیں لگتے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی سے انٹرویو میں طاہر القادری نے کہا نواز شریف نے لکھی ہوئی تقریر پڑھی۔ میں نے دسمبر 2012ءمیں نظام بدلنے کی بات کی تھی۔ غریب دشمن نظام کیخلاف جنگ لڑتے آ رہے ہیں۔ ہماری آواز دبانے کیلئے ماڈل ٹاﺅن میں 14 نعشیں گرائی گئیں۔ قاتل حکمران لوگوں کی جان کی حفاظت کیسے کریں گے۔ سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا ہونے والے انقلاب کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ غریب دشمن لوگ بچے کو گاڑی تلے روند کر جنازے میں نہیں گئے۔ سپریم کورٹ نے نااہل کیا تو کہتے ہیں نظریاتی ہو گیا ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کی ریلی میں سرکاری وسائل استعمال کئے گئے۔ نوازشریف کی ریلی میں 5 سے 7 ہزار لوگ تھے۔ چور، قاتل کہتے ہیں وہ جان و مال کی حفاظت کریں گے۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن