قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی کے راہنما اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائےں گے وزیراعظم
اسلام آباد+لاہور (وقائع نگار خصوصی+خبر نگار) صدر مملکت ممنون حسین نے یوم آزادی کے موقع پر تمام اہلِ وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے! وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے دست و بازو بن جائیں، اپنے دامن سے نفرتوں اور بدگمانیوں کو جھاڑ کر اخلاص و محبت کو فروغ دیں اور مایوسی کے اندھیروں کو امید کی روشنی میں بدل کر اپنی قوم کا مستقبل محفوظ بنا دیں تاکہ ہم اپنے وطن میں آزادی کی حقیقی خوشیاں منا سکیں۔ وطنِ عزیز کو آج جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان کے پیش نظر ضروری ہے کہ غیرجذباتی طریقے سے مسائل کا جائزہ لے کر ملک میں اعتدال اور معقولیت کو فروغ دیا جائے، یوم آزادی پر قومی مقاصد کے حصول، نصب العین کے تعین اور اس میں کامیابی کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ کار سے کبھی انحراف نہ کرنے کا عزم کرتے ہیں، رنجشوں اور گلے شکووں پر قابو پا کر خالصتاً قومی مفاد میں آئینِ پاکستان پر متحد ہونے اور اس کی حفاظت اور پاسداری کو یقینی بنانے کا عزمِ نو کرناہوگا کیونکہ یہی دستاویز ہمیں اپنی ذات سے بلند کر کے قومی مقاصد کی آبیاری کا راستہ دکھائے گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ملک کے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی نوجوان نسل کو یقین دلاتے ہیں کہ آنے والے کل کا پاکستان قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی کے راہنما ا±صولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائےں گے، یوم آزادی پر میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم اِن مقاصد کو حاصل کرکے رہیں گے۔ ہمارے آباو¿ اجداد کی قربانیاں ہم پر اور ہماری آنے والی نسلوں پر قرض ہے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خود مختار ملک بناکر ہی ہم یہ قرض چکا سکتے ہیں،قومی مفاد کی بالا دستی اور ایک ناقابل تسخیر دفاع پوری قوم کا مشترکہ مقصد ہے جس کے لیے ہم سب مل کر جدو جہد کریں گے، پاکستان میں قائد اعظم نے جدید جمہوری ریاست کا ایک خواب دیکھا تھا، ہمیں تمام اداروں کو مضبوط کرنا ہے تاکہ وہ آئین اور قانون کی حد میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرسکیں، پاکستان نے عالمی امن کے لیے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان دنیا بھر کے تمام ممالک خصوصاً اپنے ہمسایوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر مثبت اور تعمیری تعلقات کی خواہش رکھتا ہے ، پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کی رفتار میں مزید تیزی لانا ہمارا ویژن اور مشن ہے ۔ انہوں نے یہ بات ملک کے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ستر سال قبل ہمیں جو آزادی ملی تھی وہ آزادی ہمارے آباو¿ اجداد کی بے مثال جدو جہد کا ثمر تھی، لاکھوں مسلمانوں نے ہمارے اور ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے قربانیاں دی تھیں، آج ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہم لوگ ایک پر امن اور باوقار ملک میں ترقی اور خوشحالی کے راستے پر چل رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایک مستحکم معیشت ہی ایک ناقابل تسخیر دفاع کی ضمانت دے سکتی ہے، ایک معتدل معاشرہ ایک مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتا ہے جہاں تمام شہریوں کو بنیادی انسانی حقوق میسر ہوتے ہیں اور جہاں ریاست قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بناتی ہے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان خالق کائنات کی طرف سے ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس میں بسنے والے ہر پاکستانی کو اس کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی سمیت تمام بحرانوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 70ویں یوم آزادی کے پروقار موقع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم نے ہم پر پاکستان کو پرامن ملک بنانے اور دوسری قوموں کے لئے ایک رول ماڈل بننے کی بھاری ذمہ داری عائد کی‘ یہ دن پاکستانی قوم کے لئے باعث فخر ہے‘ ملک کی ترقی اور درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے اور انتھک محنت کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی یوم آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو 70ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ خود جمہوریت اور عوام کی فلاح کے لئے وقف کر دیں کیونکہ انہی دو نظریوں کے لئے پاکستان وجود میں آیا تھا۔ ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قوم کو کسی کا نہیں صرف قائداعظم کاپاکستان چاہئے‘ آج ملک و قوم کو درپیش تمام مشکلات و مسائل کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کو فراموش کر دیا ے۔ انہوں نے پوری قوم کو یوم آزادی پر اپنے پیغامات میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری لاتعداد ماﺅں‘ بہنوں اور بیٹیوں سمیت برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان و مال اور عزت و وقار سمیت سب کچھ اس خطہ اری کیلئے قربان کر دیا تھا لیکن افسوس کو ہم نہ صرف ان کی عظیم قربانیوں بلکہ اس منزل کو بھی بھول گئے۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وطن عزیز اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ ان حالات میں تحریک پاکستان کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ جب پُرجوش عوامی جدوجہد سے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ موجود دور میں ملکی بقاء‘ استحکام اور تعمیر و ترقی کے لئے تمام طبقات کو مل کر سخت محنت اور جدوجہد کرنا ہوگی۔