پاکستان کیساتھ ہمارا الحاق حتمی‘ کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا‘ صدر ‘ وزیراعظم آزادکشمیر
مظفرآباد(صباح نیوز)صدر آزادجموںو کشمیر سردار محمد مسعود خان‘وزیرا عظم راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کا مرہون منت ہے اور اس نظریہ کی بنیاد پر پہلی بار مفکر اسلام حضرت علامہ اقبال نے برصغیر کو تقسیم کر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ مملکت کے قیام کا تصور پیش کیا تھا ۔ قائد اعظم نے اس نظریہ کی بنیاد پر مسلم لیگ کو منظم کر کے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے متحد کیا ۔ اسوقت ملک اندرونی وبیرونی سازشوں کا شکار ہے جسکے لیے قوم کو متحد ہو کر ایک مرتبہ پھر 1947جیسی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا کہ آج پوری قوم جشن آزادی منا رہی ہے ۔ اس موقع پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آج جشن آزادی کے موقع پر یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نظریاتی اور جغرافیائی لحاظ سے نامکمل ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے باشعور اور غیور عوام نے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا الحاق حتمی ہے ۔اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہمارے جذبوں ، سوچ اور روح میں نظریہ پاکستان رچابسا ہے ۔ بھارت ایک طویل عرصہ سے ہماری اس نہج کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف ہے۔ بھارت نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر ظلم و ستم ڈھا رہا ہے اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کا پروپیگنڈا کر کے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتا ہے ۔ وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہا س نے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں یقین دلاتی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائیگا اور کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائیگی۔
وزیراعظم آزادکشمیر