آئینی ترمیم کیلئے کبھی ساتھ نہیں دیں گے:بلاول بھٹو :نوازشریف چینخنے کی بجائے اپنا ماضی یاد کریں :خورشید شاہ
کراچی+ سکھر (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہماری جماعت اصولوں کی سیاست کریگی اور آئین میں ترمیم کیلئے مسلم لیگ (ن)کا کبھی ساتھ نہیں دے گی، پاکستان کو روشن خیال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، پنجاب کی قیادت کو اداروں کیخلاف بیان نہیں دینے چاہئیں‘ ملک کسی بھی انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ مزار قائد پر حاضری کے بعد کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے گزررہا ہے موجودہ حالات میں سیاسی کشیدگی ہرگز مناسب نہیں لیکن پنجاب کے لیڈر جو کر رہے ہیں انہیں نامناسب بیانات کی بجائے اپنی سرحدوں کے حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ ہم اپنے اصولوں پر سیاست کرتے ملک کے امن کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ نوازشریف کی نااہلی کے بعد اب حکومت حد سے تجاوز کرنے کی کوشش میں ہے اور آئین میں ترمیم کے پیچھے پڑگئی ہے۔ اگر یہ لوگ کوئی ترمیم کرتے بھی ہیں تو اسکا فائدہ نوازشریف کو نہیں ہوسکتا اور یہ لوگ جو چاہتے ہیں وہ نہیں ہوسکتا جبکہ پیپلزپارٹی اس معاملے میں کبھی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ نہیں دے گی جبکہ خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ سابق صدر زرداری کو میموگیٹ سکینڈل میں پھنسانے کیلئے نوازشریف نے آئین کے آرٹیکل 62,63 کو ختم نہیں کرنے دیا تو اب بھی62,63ختم نہیں ہوگا،نئی اسمبلیاں بنیں گی تو تب دیکھا جائے گا۔ میاں صاحب کیخلاف کسی سیاسی جماعت نے تو سازش نہیں کی پھر احتجاجی ریلی کس کیخلاف تھی؟نوازشریف کی ریلی اداروں کے خلاف تھی اور اس ریلی پر40سے50کروڑ روپے خرچ ہوئے جو کہیں اور سے آئے۔ یوسف رضا گیلانی کو نااہل کیا گیا تو میاں صاحب نے کہا فوراً گھر جاؤ، یہ انسانوں کی بستی ہے، حیوانوں کی نہیں۔ نوازشریف بتائیں جو اس وقت کہا وہ ٹھیک تھا یا جو آج کہہ رہے ہیں یہ ٹھیک ہے۔ 3 بار وزیراعظم بننے والے کو عدلیہ نے نااہل قرار دیا، اسے ماضی یاد کرنا چاہئے کیونکہ عدلیہ نے جب بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کو نااہل قرار دیا تو اس میں نوازشریف اور شہبازشریف کا بہت بڑا ہاتھ تھا۔ انہیں وہ وقت یاد کرنا چاہئے اورچیخنا نہیں چاہئے کہ مجھے کیوں نکالا۔ مسلم لیگ (ن) کا انقلاب دراصل نوازبچاؤ انقلاب ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے اینٹی کرپشن میں آزاد ہیں، اپنا قانون بنا سکتے ہیں اس لئے ہم نے سندھ میں نیب کا قانون ختم کردیا مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم آئین کے خلاف ہیں۔ سب کچھ جل جائے ہم آئین کو جلنے نہیں دیں گے۔ خورشید شاہ نے سکھر ائرپورٹ پر پرچم کشائی کی‘ گرلز سکول کی تقریب میں قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا یہ آزادی کسی نعمت سے کم نہیں‘ دعا ہے قوم اسی طرح خوشیاں مناتی رہے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق بلاول بھٹو نے پیپلز سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور کارکنوں سے گھل مل گئے وہ شہداء گیلری گئے۔