• news

کلثوم نواز کا وزیراعظم بننا ملک سے مذاق ہوگا: آصف زرداری

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی نااہلی سے جمہوریت کو کچھ نہیں ہو گا ۔ پنجاب میںشہباز شریف کا کنٹرول ہے وہ کسی کو اپنی جگہ نہیں دیں گے۔ کلثوم نواز وزیر اعظم بن گئیں تو یہ ملک کے ساتھ مذاق ہو گا۔ نواز شریف نے خود کو بچانے کیلئے کلثوم نواز کو نامزد کیا ہے۔ کلثوم نواز کو آگے لانے کا مقصد ہی نواز شریف کیلئے راستہ بنانا ہے تاکہ وزیراعظم ہائوس آکر حکومت چلا سکیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں شہباز شریف کا کنٹرول ہے۔ مسلم لیگ (ن) سمجھتی ہے کہ اگر شہباز شریف کو ہٹایا گیا تو ہم مزید کمزور ہوں گے ۔ نواز شریف ٹریک سے اتر گئے ہیں، موجودہ حالات پاکستان کیلئے نہایت اہم ہیں، مسلم لیگ (ن) جلسے میں عوام کو لانے میں ناکام ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کے خلاف ہم ریلی نکالتے تو نقصان ہوتا، ہم نے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا۔ میں نے اپنے پانچ سالہ دور کامیابی سے مکمل کئے۔ اگر بی بی وطن واپس نہ آتیں تو نواز شریف کیسے آتا، نواز شریف جے آئی ٹی کو منی ٹریل نہ بتا سکے اور نا اہل ہو گئے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی لوگ نا اہل ہوتے رہے ہیں مگر ایسا کسی نے نہیں کیا۔70سال ظلم ہوئے ہیں مگر یہ نہیں مانیں گے کہ ہر دفعہ انکو اقتدار میں لایا گیا ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ کے کسی نہ کسی ٹولے نے ان کو اقتدار میں لایا ہے ۔حمید گل نے مانا تھا کہ انہوں نے آئی جے آئی بنائی تھی جب دوبارہ یہ آئے تو آئی جے آئی سے بھی آگے چلے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن