• news

ٹیلر سن کا فون، پاکستان ،امریکہ دفاعی اور اقتصادی شراکت دار دار ہیں: خواجہ آصف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکہ کے وزیر خارجہ ایکس ٹیلرسن گزشتہ شب وزیر خارجہ خواجہ آصف کو فون کرکے پاکستان کی 70ویں سالگرہ اور انہیں خارجہ امور کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق خواجہ آصف نے ان کیلئے تشکر کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میںامریکہ اہم شراکت دار ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو معاشی ترقی کیلئے خطہ میں پائیدار امن درکار ہے اور اگر افغانستان میں امن قائم ہوتا ہے تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغان تنازع کا سیاسی حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے جوکہ پاکستان اور امریکہ کی مشترکہ خواہش ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب کو یقین دلایا کہ افغانستان کے بارے میں امریکہ کی نئی پالیسی کا اعلان ہونے کے بعد افغانستان کے حوالے سے پاکستان امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے ان کے جذبات کو سراہتے ہوئے دورہ واشنگٹن کی دعوت دی جسے قبول کرتے ہوئے خواجہ آصف نے انہیں بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قیادت میں تبدیلی سے سی پیک منصوبوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، سی پیک کے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کریں گے، چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا، نواز شریف نے گزشتہ چار سالوں میں چین کے متعدد دورے کئے۔ پیر کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سی پیک ایک حقیقت بنے گا، پاکستان کی معاشی ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں ، کوشش کریں گے کہ سی پیک کے منصوبوں کو وقت سے پہلے مکمل کریں گے، چین کے ساتھ معاشی اور سفارتی سطح پر بات چیت ہوئی۔انہوں نے کہا کہ تمام جاری منصوبے اپنے وقت پر مکمل کئے جائیں گے، قیادت میں تبدیلی سے سی پیک منصوبوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے گزشتہ چار سالوں میں چین کے متعدد دورے کئے۔اس موقع پر ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ وہ امریکہ کی حکومت اور عوام کی جانب سے یوم آزادی پر پاکستان کے عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن