• news

پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحالی :سری لنکن ٹیم آئندہ ماہ ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے پر رضامند

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مختصر دورہ پاکستان کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سری لنکن سکیورٹی وفد رواں ماہ کے آخر تک پاکستان آئے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی جو اے سی سی کے بھی صدر ہیں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں سکیورٹی کے معاملات میں واضح بہتری آئی ہے۔ ورلڈ الیون بھی پاکستان کا دورہ کر رہی ہے لہذا سری لنکن ٹیم مختصر سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی کی کوشش سے انڈر 19 ایشیا کپ کی میزبانی بھی بھارت سے واپس لیکر کوالالمپور کو سونپ دی گئی ہے۔ بھارت نے ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے دور میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں جلد پاکستانی عوام کو اچھی خبر ملے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سری لنکن کرکٹ حکام سے کولمبو میں ملاقات مثبت رہی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے فیصلے پر سری لنکا کا مشکور ہوں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں کھیلنے کا تاریخی فیصلہ ہے، میچز کے انعقاد کے لیے جلد کام شروع کر دیں گے اور اگر ایک مرتبہ سری لنکا نے پاکستان کا دورہ کر لیا تو دیگر ٹیمیں بھی یہاں آئیں گی۔ چیئرمین پی سی بی کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان رواں سال اکتوبر میں ایک یا 2 ٹی ٹونٹی میچز کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر تھلنگا سوماتھی پالا نے کہا ہے کہ خواہش ہے کہ سری لنکن ٹیم پاکستان کے خلاف ستمبر میں کم ازکم ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلے۔سوماتھی پالا کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے سکیورٹی ماہرین نے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور چیزیں مثبت لگ رہی ہیں۔ اے سی سی اجلاس کے بعد عشائیے کے موقع پر دیے جانے والے بیان میں تھلنگا سوماتھی پالا کاکہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ میری ٹیم پاکستان جائے۔ بیان کے مطابق پورے ملک میں صورتحال بہتر ہوتی دکھائی دے رہی ہے خاص طور پر لاہور کلیئر ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر میں پاکستان کے ساتھ ہمارے تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں اور ہم چاہیں گے کہ اس میں سے کم ازکم ایک میچ لاہور میں کھیلا جائے۔ انہوں نے اے سی سی کے ممبران سے کہا کہ وہ تمام ممبران کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ پاکستان کی حمایت میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ رسک ہمیشہ ہوتا ہے جیسے لندن میں چیمپیئنز ٹرافی کے دوران دو حملے ہوئے لیکن آئی سی سی کی سکیورٹی گارنٹی ملنے پر میچ جاری رہے۔ تھلنگا سوماتھی پالا کا کہنا تھا کہ جب سری لنکا دہشت گردی کا شکار تھا تو وہاں کوئی ٹیم نہیں آنا چاہتی تھی لیکن اس وقت پاکستان اور انڈیا سری لنکا کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن