• news

ہرنائی:ایف سی کی گاڑی پر بم حملہ 6 اہلکار شہید 2 زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں ایف سی کی گاڑی پر بم حملے میں 6اہلکار شہید2 زخمی ہوگئے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع ہرنائی میں شاہرگ سے کھوسٹ آنے والی ایف سی کی گاڑی پر سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا‘ شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک یوسف عمران، سپاہی شہاب الدین، سپاہی فیاض، سپاہی عمر، سپاہی نعیم کے نام سے ہوئی جبکہ صوبیدار ہدایت اور ڈرائیور سعد اللہ زخمی ہوئے‘ نعشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھما کے میں فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تبا ہ ہوگئی جبکہ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ نیٹ نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا شرپسندوں نے ہرنائی کے علاقے خوست میں ایف سی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے نشانہ بنایا۔ زخمی اہلکاروں کو علاج کے لئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کے وقت ایف سی اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو ہم نہیں چھوڑیں گے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایف سی کا ایک جوان جاں بحق ہو جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ ایف سی کے جوان کاشاف کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھے کہ نامعلوم مسلح افراد جو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے ایف سی کے گشتی اہلکار لانس نائیک شاہد اور طارق پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ لانس نائیک شاہد زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہو گئے۔بی بی سی کے مطابق حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کر لی ہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردی کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ایسے دن جب قوم یوم آزادی منا رہی ہے‘ اس موقع پر حملہ سے ہماری بہادر فورسز کی مادروطن کی حفاظتی کے فرض کی انجام دہی کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ یہ وہ سپاہی ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آزادی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ایسے حملوں سے اہم دن کے موقع پر قوم کے مورال کو گرایا نہیں جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن