یوم آزادی: ون ویلنگ کرتے 2 نوجوان جاں بحق‘ 2 دوستوں کو ٹرک نے کچل دیا
لاہور (نامہ نگاروں سے) لاہور میں یوم آزادی کے موقع پر ون ویلنگ کرتے 2 موٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ جشن آزادی کے موقع پر سیر کیلئے جانے والے 2 نوجوانوں کو تیزرفتار ٹرک نے کچل ڈالا۔ مختلف شہروں میں 40 سے زائد زخمی اور 1675 منچلوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقے محمود بوٹی بند رنگ روڈ کے قریب 16 سالہ یاسین اور 15 سالہ شان مسیح عرف کاکا موٹرسائیکل پر جشن آزادی منانے کیلئے سیر کرتے ہوئے محمود بوٹی رنگ روڈ کے قریب سے جا رہے تھے کہ تیزرفتار ٹرک نے کچل دیا جس کے باعث دونوں موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ کاہنہ کے علاقہ میں 25 سالہ زاہد موٹرسائیکل پر کرتب دکھاتے جبکہ سندر کے علاقہ میں 26 سالہ اسلم ون ویلنگ کرتے ہوئے پھلسنے کے باعث موٹرسائیکل سے گر کر زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کرکے ورثاء کو اطلاع کر دی۔ لاہور پولیس کی جانب سے ہر تھانے کی حدود میں مین روڈ پر بیریئرز لگا کر ناکے لگائے گئے تھے۔ منچلے نوجوان اور دیگر ناکوں پر پولیس اہلکاروں کو چکمہ دیکر فرار ہو گئے۔ تیزرفتاری سے موٹرسائیکل چلاتے اور ون ویلنگ کرتے ہوئے 40 سے زائد ویلرز موٹرسائیکلوں سے گر کر زخمی ہو گئے جن کو مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد کیلئے منتقل کر دیا گیا۔ گلبرگ‘ جیل روڈ‘ مین بلیوارڈ‘ اقبال ٹائون‘ جوہر ٹائون‘ ٹائون شپ‘ ڈیفنس‘ لالک جان چوک‘ ایچ بلاک مارکیٹ ڈیفنس‘ جی ٹی روڈ باغبانپورہ‘ کینال روڈ‘ مغلپورہ‘ ایف سی کالج انڈر پاس‘ مسلم ٹائون انڈر پاس‘ نیو کیمپس انڈر پاس‘ آزادی چوک اوور فلائی برج‘ بتی چوک‘ مال روڈ‘ فیروزپور روڈ‘ قرطبہ چوک‘ چائینہ چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر ویلرز ٹولیوں کی صورت میں ون ویلنگ اور تیزرفتاری سے موٹرسائیکلیں چلاتے رہے۔ منچلے نوجوان گلبرگ‘ ڈیفنس‘ مال روڈ اور جوہر ٹائون میں گاڑیوں میں اونچی آواز میں گاڑیوں میں ترانے لگا کر بھنگڑے ڈالتے رہے اور فیملیز سے چھیڑخانی بھی کرتے رہے۔ پولیس نے 110 سے زائد ون ویلنگ کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے 1500 کے قریب ویلروں اور ان کی موٹرسائیکلوں کو پکڑ کر تھانوں میں بند کر دیا۔ منچلوں کو چھڑوانے کیلئے رات گئے تک سفارشیوں کا مختلف تھانوں میں تانتا بندھا رہا۔ پولیس نے مبینہ طورپر بھاری نذرانہ لیکر متعدد سفارشی ویلروں کو مقدمات درج کرنے کی بجائے چھوڑ دیا۔ ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ جشن آزادی کے موقع پر کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف خصوصی کارروائی کی گئی ہے۔ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ‘ کامونکے‘ سادھوکے‘ فیروزوالا میں ون ویلنگ کرنے والے 175 سے زائد منچلوں کوگرفتار کر لیا گیا۔ فیصل آباد میں پولیس نے 22 افراد کو پکڑ کر ان کی موٹرسائیکلیں قبضہ میں لے لیں۔ گوجرانوالہ میں 148 سے زائد نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا جنہیں بعدازاں عدالت میں پیش کیا گیا۔ فیروزوالا میں بھی پولیس نے 10 افراد کو گرفتار کرکے ان کی موٹرسائیکلیں تھانوں میں بند کرکے مقدمات درج کر لئے۔ کامونکے اور سادھوکے میں بھی پولیس نے یوم آزادی کے موقع پر رضوان‘ اعجاز‘ اسد‘ احتشام اور عبیدالرحمن سمیت متعدد منچلوں کو موٹرسائیکل پر ون ویلنگ کرتے گرفتار کرکے مقدمات درج کر لئے۔ علاوہ ازیں 14 اگست کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں ممکنہ دہشت گردی کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس حکام کی جانب سے سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ پورے شہر کی اہم مساجد‘ امام بارگاہوں‘ حساس نوعیت کی سرکاری عمارتوں‘ بارونق مقامات اور دیگر مذہبی مقامات پر 10 ہزار سے زائد افسروں اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔