وائٹ ہائوس میں موجود کچھ عناصر ٹرمپ کا تختہ الٹنے کی سازش کر رہے ہیں: برطرف عہدیدار
واشنگٹن(آن لائن) وائٹ ہاؤس کے سابق کمیونیکیشنز ڈائریکٹر انتھونی اسکاراموچی نے دعویٰ کیا ہے کہ واشنگٹن میں کچھ لوگ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تختہ الٹنے کی سازش کر رہے ہیں۔ اسکارا موچی کو گزشتہ ماہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔ اپنی برطرفی کے بعد امریکی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں اسکاراموچی نے دعویٰ کیا کہ واشنگٹن اور وائٹ ہاؤس کے اندر موجود کچھ عناصر ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر نہیں دیکھنا چاہتے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں موجود سیاسی اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے نہیں لہٰذا انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ واشنگٹن اور وائٹ ہاؤس کے اندر بھی بعض عناصر ایسے موجود ہیں جو صدر کے مفادات اور ان کے ایجنڈے کی تائید نہیں کرتے۔ اسکارا موچی نے کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں وائٹ ہاؤس میں زیادہ سے زیادہ وفاداروں کو لانا ہوگا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ ان سازشیوں کے نام ظاہر کریں تو انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی چند افراد کے نام منظر عام پر لا چکے ہیں۔ خیال رہے اسکاراموچی کی وائٹ ہاؤس میں تعیناتی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے پریس سیکریٹری سین اسپائسر اور چیف آف سٹاف رینس پرائی بس کو عہدوں سے ہٹنا پڑا تھا۔ اسکارا موچی نے پرائی بس پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ صحافیوں کو معلومات لیک کرتے ہیں جس کے بعد ٹرمپ نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔