• news

بانی پاکستان کا خواب پورا نہیں ہو سکا‘ بھارت کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا

لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستان برصغیر کے مسلمانوں نے بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا مگر افسوس کہ جو خواب ہمارے بزرگوں، علامہ اقبال اور بانی پاکستان محمد علی جناح نے دیکھے تھے وہ پورے نہیں ہو سکے بھارت نے ہمارا ایک بازو الگ کر دیا اور اب مودی بلوچستان اور کراچی کو الگ کرنے کی باتیں کر رہا ہے۔ بھارت سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے نوائے وقت گروپ کے زیر اہتمام ایوان وقت میں پاکستان کے 70 یوں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ ایک نشست میں کیا مقررین میں صوبائی وزیر اوقاف اور مذہبی امور سید زعیم حسین قادری، قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی و مرکزی رہنما پی ٹی آئی محمود الرشید، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد، سابق صدر آصف علی زرداری کے کوآرڈی نیٹر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوید چودھری تھے۔ نظامت انچارج ایوان وقت سیف اللہ سپرا نے کی۔ صوبائی وزیر مذہبی امور سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ پاکستان خدا کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے آزادی ہمیں کس نے طشتری میں رکھ کر نہیں دی بلکہ اس کیلئے بڑی قربانیاں دی گئیں اس تحفہ کی قدر کرنی چاہئے اور اس موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے آج 70 واں یوم آزادی ہے یہ دن بہت اہم ہے اس لئے پاکستان کی مرکزی حکومت اور صوبائی حکومتوں نے شانان شان منانے کیلئے خصوصی ہدایت جاری کیں۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن پاکستان کو اسلام کا ایک مضبوط قلعہ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی محمود الرشید نے کہا کہ حقیقی آزادی کی منزل ابھی تک پاکستانیوں سے دور ہے اور جس مقصد کیلئے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دی تھیں اور جو خواب ہمارے بزرگوں، علامہ اقبال اور محمد علی جناح نے دیکھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت آج بھی ریشہ دوانیوں میں مصروف ہے اور اس کا وزیراعظم مودی ماضی میں ببانگ دہل پاکستان کو توڑنے کا کریڈٹ بھی لیتا رہا ہے اور آئندہ بقیہ پاکستان کے علاقہ بلوچستان، گوادر اور کراچی کا نام لیکر انہیں الگ کرنے کا گھٹیا دعوے کر رہا ہے اور اس مقصد کیلئے کلبھوشن یادیو جیسے جاسوس پاکستان بھجوا رہا ہے، صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ باب پاکستان جو لاکھوں پاکستانیوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے کیلئے تعمیر کی جانی تھی پچھلی دو دہائیوں سے ویران پڑی ہے۔ حکومت فوری طور پر اس کیلئے فنڈز مختص کرکے اس کی تکمیل کا اعلان کرکے قوم کو یوم آزادی پر تحفہ دے۔ جماعت اسلام سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج پاکستان کی آزادی کے ستر سال مکمل ہو گئے ہیں علامہ اقبال کی فکر، دو قومی نظریہ اور قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کو آزادی کا انمول ولولہ دیا ایٹمی طاقت اور پاک چین دوستی کا ثمر اقتصادی راہداری پاکستان کے معاشی تحفظ کی ضامن ہے، کشمیری لازوال قربانیاں دیکر بھارت کے جھوٹ اور ظلم کو پوری دنیا میں بے نقاب کر رہے ہیں۔ پوری قوم مرد و خواتین پیر و جواں عزم نو کے ساتھ پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنائیں گے۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں نے بڑی قربانیاں دیکر آزادی حاصل کی ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہئے پاکستان کی آزادی کشمیر کی آزادی کے بغیر ناممکل ہے کشمیر کے مسلمان الحاق پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں، حکومت پاکستان کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر اٹھائے۔ تعلیم کے شعبے میں بہت کام کی ضرورت ہے اس شعبے میں خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے کوآرڈی نیٹر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوید چودھری نے کہا کہ آج پاکستانی قوم 70 واں یوم آزادی منا رہی ہے یہ دن ہمارے لئے بہت اہم ہے اس دن برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی قیادت میں انگریزوں اور ہندوؤں سے آزادی حاصل کی تھی، ہماری کوتاہیوں سے آدھا وطن الگ ہو گیا اب بھی بھارت سازشیں کر رہا ہے۔ پوری قوم کو اکٹھے ہوکر بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن