• news

سفارتکاری کے ذریعے سی پیک میں حائل رکاوٹیں دور کیں: پاکستانی سفیر

بیجنگ (سجاد اظہر پیرزادہ) پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہمسایہ ملک چائنا کے دارالحکومت بیجنگ میں وطن سے محبت کے دلکش نظارے دیکھنے میں آئے ہیں۔ 14 اگست کی صبح 10 بجکر 6 منٹ پر پاکستان ایمبیسی آف بیجنگ میں جشن آزادی کی تقریب کا آغاز ہوا۔ تقریب میں چائنا میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے پرچم کشائی کی جس کے بعد 150 بچے بچیوں اور خواتین کے علاوہ تقریب میں موجود سفارتخانے کے درجنوں افسران اور معزز مہمانوں نے ترنم کے ساتھ قومی ترانہ پڑھ کے سماں باندھ دیا۔ بعدازاں مسعود خالد نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مسعود خالد نے کہا کہ آزادی کے 70 سال ہو گئے اس موقع پر اگر ہم یہ عہد کریں کہ ہم مثبت روایات، مثبت سوچ کو آگے بڑھائیں گے۔ قائداعظم کے قول ایمان، اتحاد اور تنظیم کی طرف واپس جائیں گے تو ہمارے مسائل حل ہو نا شروع ہوجائیں گے۔ میڈیا کو اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ چین کی تاریخ سے سبق سیکھنا چاہئے۔ سفیر نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ مجھے نواز شریف کے دور میں کام کرنے کے زیادہ مواقع میسر آئے ، فخر ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے سی پیک کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کیں۔ سی پیک پر کام نوازشریف کی حکومت نے شروع کیا تھا۔ اب دونوں پڑوسیوں میں میڈیکل کے میدان میں بھی رابطے ہونے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر سفارتخانے کی ترجمان حنا فردوس بھی موجود تھیں۔

ای پیپر-دی نیشن