• news

ساہیوال، شانگلہ: پرچم لگاتے چھت سے گرنے، کرنٹ لگنے پر 2 بچے ،2 طلبہ جاں بحق

ساہیوال/ شانگلہ (نمائندہ نوائے وقت + صباح نیوز) پرچم کشائی کے دوران چھت سے گرنے، تاروں سے چھو جانے کے باعث 2 بچے اور 2 طالبعلم جاں بحق ہوگئے۔ موکل کالونی ساہیوال میں ظہیر احمد کا 5سالہ بچہ حسنین قومی پرچم لہراتے ہوئے بجلی کی شارٹ تار کو چھونے سے اسے شدید جھٹکا لگا جسے بیہوشی کی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا مگر وہ راستہ میں ہی دم توڑ گیا۔ چک 5-84ایل میں فریاد علی کا 4سالہ بیٹا صالح فریاد گھر کی چھت پر قومی پرچم لہراتے ہوئے گر گیا جسے شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال لایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ ضلع شانگلہ کی تحصیل پورن میں گورنمنٹ پی زیڈ اے سکول کے طلبہ بھی ایسی ہی ایک تقریب کے دوران دھاتی پائپ کے ذریعے پرچم کشائی کررہے تھے۔اس دوران ان کے ہاتھ میں موجود پائپ قریب سے گزرنے والی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں کرنٹ لگنے سے دو طلبہ 8 سالہ عثمان اور 9 سالہ ریحان جاں بحق ہوگئے۔ ایس ایچ او پورن شیر حسن نے بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے بچے دوسری اور تیسری جماعت کے طالب علم تھے۔

ای پیپر-دی نیشن