سپریم کورٹ کا فیصلہ عوام کی رائے پرشب خون کے مترادف ہے: کیپٹن صفدر
اوگی + ہری پور (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی کیپٹن صفدر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ 22کروڑ عوام کی رائے پر شب خون کے مترادف ہے، قوم نے پانچ افرادکے اس فیصلہ کو مکمل طورپر مسترد کردیا ہے، ملک کے ایک منتخب وزیراعظم کو ایک ایسے جرم میں سزا دی گئی ہے جو اس نے کیا ہی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے زیراہتمام میلاد چوک اوگی میں میاں نوازشریف سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا، کیپٹن صفدر نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ آج یہ سوال کر رہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف تو کیس پانامہ کا تھا، یہ اقامہ میں نااہلی کا فیصلہ کہاں سے آگیا، انصاف کے اداروں پر سوال اس لئے اٹھ رہے ہیں کہ جب مشرف جیسے آئین توڑنے والے لوگ دندناتے پھریں گے ان پر آرٹیکل چھ نہیں لگے گا اور ایک منتخب وزیراعظم کو دفعہ 63، 62 میں نااہل قرار دے کر نکالاجائے گا تو پھر انصاف میں سب کچھ کالا کالا تو نظرآئے گا، ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ملک بھر کی طرح ہری پور سے بھی پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط ہوں گی اس ملک میں ہنودویہود کا ایجنڈا نہیں چل سکتا۔