• news

تحریک انصاف نیب سے متعلق منافقانہ طرزعمل چھوڑ دے: سعید غنی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی منافقانہ طرز عمل چھوڑ دے۔ ایک طرف وفاق میں نیب پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے، دوسری طرف خیبر پی کے میں نیب کے پر کاٹ دئیے ہیں مگر سندھ میں نیب کی وکالت کر رہی ہے۔ ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ خیبر پی کے میں کوئی اور نہیں پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اپنی قیادت پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں اور اعلانیہ کہتے ہیں کہ خیبر پی کے میں عمران خان کرپشن کرنے والوں کو چھتری فراہم کر رہے ہیں۔ اس طرح جماعت اسلامی بھی کرپشن میں حصہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبے خود مختار ہیں۔ سندھ کے عوام کی منتخب اسمبلی نے احتساب بل منظور کر لیا ہے۔ یہ ایسا قانون ہے جس میں کوئی کرپٹ شخص بچ نہیں پائے گا۔ نہ ہی نیب کی طرح کسی سے سودے بازی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا اتحاد ہی کرپشن پر مبنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن