ایم کیو ایم نے 2200 کارکنوں کو پولیس میں بھرتی کرایا:ذرائع
کراچی (کرائم رپورٹر) ایم کیو ایم کے دور میں کون کس عہدے پر سندھ پولیس میں بھرتی ہوا سی ٹی ڈی نے مکمل چھان بین کیلئے کراچی پولیس کو خط لکھ دیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق اسکروٹنی کی درخواست ٹارگٹ کلر رضوان کے انکشافات پر کی گئی ہے جسے گزشتہ ماہ ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا تھا‘ گرفتار ٹارگٹ کلر رضوان سندھ پولیس میں بحیثیت کانسٹیبل ڈیوٹی انجام دے رہا تھا‘ ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس اہلکاروں سمیت دو درجن سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزمان سائوتھ افریقہ سیٹ اَپ سے ہدایت لے کر کلنگ کرتے تھے۔ ٹی ڈی ذرائع کے مطابق 2002ء سے 2013ء تک پولیس میں بھرتیوں کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا‘ 2002ء سے 2007ء تک وزارت داخلہ متحدہ کے پاس تھی جبکہ 2008ء سے 2013ء تک مخلوط حکومت میں متحدہ نے پھر سے اپنے کارکن بھرتی کرائے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے تقریباً 2200 کے قریب کارکنوں کو پولیس میں بھرتی کروایا جس میں ہر سیکٹر سے 50 سے 60 کارکنان شامل تھے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق گرفتارٹارگٹ کلر رضوان کی جے آئی ٹی کے بعد دوبارہ سکروٹنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔