این اے 120، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کا فیصلہ آج ہوگا
لاہور ( خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار) این اے 120 میں ضمنی انتخاب کے لئے مقرر کردہ ریٹرننگ افسر نے ”نواز شریف“ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے ہیں۔ بدھ کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔ ریٹرننگ افسر محمد شاہد نے قصور کے رہائشی نواز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے۔ انہوں نے کہا ”نواز شریف“ کے تجویز اور تائید کنندہ کا تعلق حلقے سے نہیں تھا، ”نواز شریف“ کو کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔ الیکشن کمشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے بیگم کلثوم نواز اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو آج طلب کر لیا ہے۔ ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، حافظ خالد ولید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ محمد یعقوب شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم خدمت کی سیاست کا جذبہ لے کر میدان میں اترے ہیں۔ این اے 120 میں ڈورٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں گے۔ سیاسی و مذہبی جماعتیں ملی مسلم لیگ کی حمایت کر رہی ہیں۔ ہم انتشار اور پارٹی بازی کی نہیں بلکہ خدمت کی سیاست کریں گے۔ علاوہ ازیں حلقہ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےلئے درخواست دائر کردی ہے۔
این اے 120