شیخوپورہ: پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کے رشتہ داروں میں ہاتھا پائی احاطہ عدالت میدان جنگ بن گیا
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) احاطہ سول عدالت ضلع کچہری میں اس وقت جنگ کا سا سماں پیدا ہوگیا جب پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا بیان قلمبند کروانے کے بعد عدالت سے باہر آیا جہاں موجود لڑکے اور لڑکی کے اہلخانہ میں پہلے تلخ کلامی ہوئی جو شدید جھگڑے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس دوران بیچ بچائو کروانے کی کوشش کرنیوالا عدالتی عملہ اور پولیس ملازمین بھی زد میں آگئے۔ لڑائی کے دوران دونوں گروپوں کی خواتین اور مرد زخمی ہوگئے تاہم سٹی بی ڈویژن پولیس نے فوری موقع پر پہنچ کر دونوں گروپوں کے تین تین افراد کو گرفتار کرکے انکے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے محمد اقبال نے مقامی محلہ ارائیانوالہ کی 20سالہ سویرہ کائنات سے پسند کی شادی کرلی مگر اس شادی کو مقامی عدالت میں لڑکی کے ورثاء نے چیلنج کردیا تھا گزشتہ روز جب دونوں عدالت میں پیشی کے بعد واپس جانے لگے تو وہاں پر لڑکی اور لڑکے کے ورثاء آپس میں پہلے الجھنے کے بعد گالم گلوچ ہوگئے۔ بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے عدالت کا احاطہ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔