نوازشریف کو بچایا تو پارٹی کو شدید نقصان ہوگا‘ پی پی رہنماؤں نے زرداری کو بتا دیا
لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم رہنماؤں نے شریک چیئرمین آصف زرداری کیلئے مسائل کھڑے کردیئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے منگل کی شام اور گزشتہ روز اپنے سینئر ساتھیوں سے مشاورت کی تو انہیں اندازہ ہوا کہ حالات ویسے نہیں جیسے وہ چھوڑ کر گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق پی پی پی کے سینئر لیڈرشپ نے آصف زرداری پر واضح کردیا کہ مسلم لیگ (ن) اور میاں نوازشریف کا ساتھ دینے سے پارٹی پہلے ہی برے حالات کا شکار ہے۔ کارکن ساتھ چھوڑ کر چلے گئے ہیں وہ شہر جس میں پارٹی نے جنم لیا تھا آج وہاں قومی اسمبلی کی 13 اور صوبائی اسمبلی کی 25 نشستوں میں پیپلز پارٹی کا کوئی رکن اسمبلی نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ’’محبت‘‘ میں پہلے ہی سب کچھ گنوا دیا گیا، اب اگر ڈوبتے نوازشریف کو بچانے کی کوشش کی گئی تو پارٹی کو شدید نقصان ہوگا اور ورکر پہلے ہی چھوڑ کر جا چکے ہیں، جو لیڈر باقی رہ گئے ہیں ان کیلئے پارٹی میں رہنے کا جواز باقی نہیں رہیگا۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ آئین کی دفعہ 63‘ 62 کے خاتمے کیلئے مسلم لیگ (ن) سے تعاون کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔