حقیقی وارث کھڑے ہو گئے‘ کرپشن دہشت گردی، توڑ پھوڑ کے سلسلے نہیں چلیں گے: سیف اللہ خالد
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ پاکستان کے فرزند، حقیقی وارث کھڑے ہو گئے ہیں، اب کرپشن، دہشت گردی، توڑ پھوڑکے سلسلے نہیں چلیں گے، پاکستان کو وحدت کی لڑی میں پروئیں گے۔ این اے 120ضمنی انتخابات میں محمد یعقوب شیخ کی انتخابی مہم جاری ہے، گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ این اے 120میں بھر پور انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے، ہم نظریہ پاکستان کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے اور جماعتوں سے اتحاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں آٹھ کروڑ طلبا ہیں ہم نظریہ پاکستان کو تعلیمی نصاب کی بنیاد قرار دیں گے۔ جس طرح پاکستان کا دفاع کریں گے اسی طرح 73کے آئین کا بھی دفاع کریں گے۔ ہم پاکستان کے نظریئے اور دستور کے محافظ ہیں۔ باسٹھ تریسٹھ کی شقوں کو نکالنے کی بات کی جارہی ہے، ہم ان شقوں کا دفاع کریں گے اور صادق و امین قیادت لائیں گے۔ لسانیت، صوبائیت کی بنیاد پر تمام سازشوں کوختم اور قوم کو متحد کریں گے۔ ہم پاکستان کی ہر اعتبار سے خدمت کریں گے اور یہ ہماری سیاست کا طرہ امتیاز ہو گی۔ حکومت پاکستان خارجہ پالیسی کی اصلاح کرے اور مرکزی نقطہ کشمیر کو بنائے، ہم اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریں گے۔