.وفاقی حکومت کا 10ماہ کیلئے نظرثانی شدہ تجارتی پالیسی لانے کا فیصلہ
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے آئندہ 10ماہ کے لئے نظرثانی شدہ تجارتی پالیسی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق سخت شرائط کے باعث برآمد کنندگان نے تجارتی پالیسی سے فائدہ نہیں اٹھایا اس لئے وفاقی حکومت نے آئندہ 10ماہ کے لئے نظرثانی شدہ ٹریڈ پالیسی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نظرثانی تجارتی پالیسی کو سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک سپلیمنٹ کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت برآمدکنندگان کو مراعات کی فراہمی کے لئے شرائط کو نرم کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ نظرثانی تجارتی پالیسی پر رواں ماہ کے آخر تک کام مکمل کرلیا جائے گا اور نظرثانی تجارتی پالیسی منظوری کیلئے وفاقی کابینہ میں بھی پیش کی جائیگی۔ذرائع کے مطابق تجارتی پالیسی کے تحت جاری کردہ ایس آر اوز میں سخت شرائط عائد ہوتی ہیں اور تجارتی پالیسی کے تحت مراعات کے لئے اب تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔