• news

’’تہاکوں مفت دوائی ملدی پئی اے‘‘ مریضہ سے وزیراعلیٰ کا مکالمہ، دانش سکول میں بچیوں سے گھل مل گئے

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی کے معائنہ کے موقع پر پروگرام کے مطابق بریفنگ کے لئے کانفرنس روم جانے کے بجائے سیدھے آئوٹ ڈور چلے گئے۔ وزیراعلیٰ سکیورٹی کی پرواہ کئے بغیر مریضوں اور ان کے لواحقین میں گھل مل گئے اور بنچوں پر بیٹھے مریضوں سے بات چیت کے لئے نیچے بیٹھ گئے۔ انہوں نے ایک خاتون مریضہ سے سرائیکی میں پوچھا کہ ’’ تہاکوں مفت دوائی ملدی پئی اے‘‘ جس پر مریضہ نے کہا کہ ’’ کجھ دوائی ملدی پئی اے تے کجھ نئی ملدی‘‘ وزیراعلیٰ نے دیگر مریضوں سے دریافت کیا تو بعض مریضوں نے کچھ ادویات کی ہسپتال میں عدم دستیابی کی شکایت کی۔ وزیراعلیٰ نے رجسٹریشن کے لئے مریضوں کی لمبی قطاریں دیکھ کر بھی انتہائی تعجب کا اظہار کیا۔ وہ قطار میں کھڑی ایک مریضہ کے پاس گئے اور اس سے پوچھا کہ وہ کہاں سے آئی ہیں۔ مریضہ نے جواب دیا کہ وہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے علاج کے لئے آئی ہے۔ انتہائی ضعیف اور کمزور مریضہ کی کیفیت دیکھ کر وزیراعلیٰ پنجاب کی آنکھیں بھر آئیں اور وہ انتظامیہ پر برس پڑے کہ مریضوں کو لائنوں میں کیوں کھڑا کیا گیا ہے۔ مظفرگڑھ کے علاقے بصیر ٹاؤن میں امینے اردوان دانش گرلز سکول کے دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ کلاس رومز میں گئے اور بچیوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہوں نے بچیوں کو آٹوگراف بھی دیئے اور نصیحت آموز جملے لکھے۔ وزیراعلیٰ نے آٹوگراف دیتے ہوئے قائد کے افکار کی علامہ اقبالؒ کے اشعارکے ساتھ تشریح کی۔ وزیراعلیٰ نے طالبات سے سوالات بھی کیے اوران کے بہترین انداز میں جوابات پر خوشی کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن