• news

دوران سروس انتقال کر جانے والے ملازمین کے امدادی پیکج میں اضافہ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت نے دوران سروس انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو ملنے والی مالی امداد کی گرانٹ میں اضافے کی منظوری دیدی، جس پر محکمہ خزانہ پنجاب نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جبکہ بناولنٹ فنڈ سے سرکاری ملازم کی بیوہ کو ملنے والی ماہانہ گرانٹ میں بھی 50 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ دوران سروس انتقال کر جانے کی صورت میں مالی امداد کے لئے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 تا 4 کے ملازمین کو 4 لاکھ کی بجائے 16 لاکھ روپے، گریڈ 5 تا 10 کیلئے 6 لاکھ کی بجائے 19 لاکھ روپے، گریڈ 11 تا 15 کیلئے 8 لاکھ کی بجائے 22 لاکھ روپے، گریڈ 16 تا 17 کو 10 لاکھ روپے کی بجائے 25 لاکھ روپے، گریڈ 18 تا 19 کو 16 لاکھ روپے کی بجائے 34 لاکھ روپے جبکہ گریڈ 20 تا 22 کے سرکاری ملازمین کے خاندانوں کو 20 لاکھ روپے کی بجائے 40 لاکھ روپے مالی امداد کی گرانٹ دی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 تا 10 کی بیوگان کو 1300 روپے کی بجائے 1950 روپے، گریڈ 11 تا 15 کی بیوگان کو 1700 روپے کی بجائے 2550 روپے، گریڈ 16 تا 17 کی بیوگان کو 3500 روپے کی بجائے 5250روپے، گریڈ 18 تا 19 کی بیوگان کو 6000 روپے کی بجائے 9000 روپے اور گریڈ 20 تا اوپر ملازمین کی بیوگان کو ماہانہ گرانٹ کی مد میں 8000 روپے کی بجائے 12000 روپے ماہانہ دیئے جائیں گے جبکہ نان گزٹیڈ سرکاری ملازمین کو فوتگی کی صورت میں ملنے والی کفن دفن گرانٹ 6000 روپے سے بڑھا کر 12000 روپے اور گزٹیڈ ملازمین کی گرانٹ 10000 روپے سے بڑھا کر 20000روپے کر دی گئی ہے۔ آئندہ سے سرکاری ملازم میاں بیوی دونوں کو بچوں کا تعلیمی وظیفہ ملاکرے گا جو کہ تعلیمی سیشن 2016-17ء سے لاگو ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن