• news

نیب انکوائری پر اچھے اچھوں کو حج یاد آ جاتا ہے‘ گناہ بخشوانے کیلئے حرام مال واپس کرو: چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی(صباح نیوز)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے کہا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب کراچی میں تدفین کی جگہ بھی نہیں بچے گی اور قبرستان تک بیچ دئیے جائیں گے۔ بدھ کو سندھ ہائی کورٹ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اراضی کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں کے ایم سی افسران کی ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر کے ایم سی افسر ذیشان حیدر کی ضمانت منسوخ کردی۔ چیف جسٹس نے غیرقانونی الاٹمنٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسی طرح الاٹمنٹ ہوتی رہی تو قبرستان بھی بیچ دیئے جائیں گے اور ایک وقت آئے گا جب تدفین کی جگہ بھی نہیں رہے گی۔ملزم ذیشان حیدر کے وکیل نے کہا ملزم راستے میں ہے اور پہنچنے والا ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ داؤ پیچ ہم جانتے ہیں ہمیں نہ سکھائیں۔ سماعت کے دوران پیش ہوگئے تو ضمانت بحال ہوسکتی ہے۔ بدعنوانوں کو بیرون ملک جانے دیا جاتا ہے اور وہاں سے وکالت نامہ آجاتا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا ملزمان اسلم پراچہ، ذیشان حیدر اور دیگر کلفٹن میں پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں۔ملزموں کے وکیل نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا اب سندھ میں نیب آرڈیننس منسوخ ہونے کے بعد نیا قانون بن گیا ہے اور نیب کے کیسز اینٹی کرپشن کو منتقل ہو رہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو اینٹی کرپشن کا حال معلوم ہے، ان کے اعلیٰ حکام تو خود مقدمات میں ملوث ہیں۔ غیرقانونی الاٹمنٹ میں کتنے قوم کے خادم ملوث ہیں۔
کراچی (نمائندہ نوائے وقت) سندھ ہائی کورٹ نے سیلز ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے کے فراڈ سے متعلق نیب کو 23اگست کیلئے نوٹس جاری کردیا۔ چیف جسٹس نے ریماکس دیئے گناہ دھلوانے کے اور بھی طریقے ہیں توبہ کرے اور حرام کا مال واپس کردے۔ بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سیلز ٹیکس کی مد میں کروڑوں روپے فراڈ کے ملزم کی حج پر جانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب انکوائری شروع کردے تو اچھے اچھوں کو حج یاد آجاتا ہے۔ ملزم عبد الرشید کے وکیل نے کہا کہ انکوائری سے پہلے حج کیلئے درخواست دی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ گناہ دھلوانے کے اور بھی طریقے ہیں توبہ کرے اور حرام کا مال واپس کردے۔ ملزم لوگوں کا مال کھا کر حج پر جانا چاہتا ہے حرام کا مال واپس کردو یہ بھی ثواب ہے۔ عدالت نے ملزم کی درخواست پر نیب سے 23 اگست تک جواب طلب کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن