• news

روزگار کیلئے عرب ممالک جانیوالے پاکستانیوں کی تعداد میں کمی

اسلام آباد(صباح نیوز) خام تیل کی کم قیمتوں کے اثرات عرب ممالک کی معیشت متاثر کرنے لگے، چھ ماہ کے دوران روزگار کے لئے عرب ممالک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں زبردست کمی ریکارڈ کی گئی۔ بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر قابو پانے کے لئے عرب ممالک نت نئے ٹیکسوں کا سہارا لے رہے ہیں جس کے باعث ان ممالک میں مقیم کئی غیر ملکی باشندے پردیس سے اپنے دیس کی طرف لوٹ رہے ہیں ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں سعودی حکومت نے غیر ملکی ورکرز اور ان کے اہلخانہ پر ماہانہ بنیاد پر 100 ریال فی فرد ٹیکس عائد کردیا۔ جنوری سے جون 2017 کے دوران 77 ہزار 600 پاکستانیوں نے نوکری کے لئے سعودی عرب کا رخ کیا جبکہ گذشتہ سال کے انہیں چھ ماہ کے دوران 4 لاکھ 62 ہزار پاکستانی روزگار کے غرض سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ دوسری جانب جنوری سے جون 2017 کے دوران روزگار کے لئے 1 لاکھ 41 ہزار پاکستانی یو اے ای روانہ ہوئے جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 2 لاکھ 95 ہزار روزگار کے لئے یو اے ای گئے تھے، اسی طرح چھ ماہ کے دوران 5 ہزار افراد روزگار کے لئے قطر گئے جبکہ جنوری سے جون 2016میں 9500 پاکستانی روزگار کے لئے قطر گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن