انتہاپسندی سازش ہے، کسی کو کراچی کا امن خراب نہیں کرنے دینگے: احسن اقبال
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے، انتہا پسندی سازش ہے جس کا مقصد امت کو تقسیم کرنا ہے۔ تمام مکاتب فکر ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں۔ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت عملی اقدامات کررہی ہے۔ ہم سب کو ملکر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ دریں اثناء وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت کراچی میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ اور وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور کسی کو بھی کراچی کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ آئی این پی کے مطابق آئی این پی کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کوئی ایساکام نہیں کیا جس سے زرداری صاحب کی حکومت ختم ہو، نوازشریف وزارت عظمیٰ کیلئے نہیں بلکہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے جدوجہد چاہتے ہیں،ہمیں اپنی حکومت چلانے کیلئے کسی پارٹی کے اتحاد کی ضرورت نہیں ہے مگر ملک کیلئے ہم سمجھتے ہیں اتحاد بہتر ہے، اگر اگلے الیکشن کے بعد بھی خدانخواستہ دھرنے شروع ہوگئے تو ملک عدم استحکام کا شکار ہوگا، ہم چاہتے ہیں اگلا الیکشن اتنا شفاف ہو کہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ وہ نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کررہے تھے۔