• news

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی افسروں کو جدید تفتیش کی تربیت دیگی: چیئرمین نیب

اسلام آباد (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ نیب کے تفتیشی افسران کو جدید انداز میں تفتیشی مہارتوں سے متعلق تربیت فراہم کرے گی، نیب نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے انسداد بدعنوانی کے اداروں کے درمیان تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کوششوں میں تیزی آئیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے کنٹری مینجر عثمان احمد سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کے دوران کیا۔ اپنے خیرمقدمی کلمات میں چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کے ساتھ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے کیونکہ بدعنوانی کی روک تھام کے کام میں ملکی سرحدوں کی قید نہیں، دو اداروں کے درمیان تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے نیب کے 6 افسران کیلئے دو سٹڈی وزٹس کا اہتمام کیا جس سے نہ صرف نیب کے تفتیشی افسران کی تفتیشی مہارتوں میں اضافہ ہوا بلکہ ان کی سوچ اور بین الاقوامی طریقہ کار کے بارے میں وسعت پیدا ہوئی ہے۔ نیب کے تفتیشی افسران کی استعداد کار میں مزید اضافہ کیلئے نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ نے نیب کے متعلقہ ڈویژن کی مشاورت سے نیب افسران کیلئے تربیت کی بنیاد پر تجزیہ (ٹی این اے) پروگرام شروع کیا ہے۔ کنٹری منیجر نیشنل کرائم ایجنسی برطانیہ عثمان احمد نے بدعنوانی کی روک تھام کیلئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں نیب کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ استعداد کار میں اضافہ کیلئے مذکورہ کورسز کا نصاب اور ٹریننگ ماڈیولز جلد فراہم کئے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انسداد بدعنوانی کے کام میں تعاون اور تربیتی سہولیات سے استفادہ کیلئے مفاہمت کی یادداشت منظوری کے لئے دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام کو بھیجی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن