پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کا چیئرمین پیمرا ابصار عالم کے نام خط
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے نواز شریف کی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے معاملے پر چیئرمین پیمرا کے خلاف قانونی چارہ جوئی پر غور کرتے ہوئے ان کے نام ایک خط ارسال کردیا ہے یہ خط رکن قومی اسمبلی مراد سعید کی طرف سے لکھا گیا ہے خط کے متن کے مطابق مراد سعید نے ابصار عالم سے اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم نہ روکنے پر سات روز کے اندر جواب مانگ لیا۔ خط میں چیئرمین سے استفسار کیاگیا کہ نواز شریف نے راولپنڈی میں اپنے پہلے خطاب میں فوج اور عدلیہ کے خلاف نفرت اور اشتعال سے بھرپور خیالات کا اظہا رکیا کمیٹی سے چوک سے داتا دربار چوک تک نواز شریف کی ہر تقریر اداروں کے خلاف زہر افشانی اور نفرت انگیز تھی آئین پاکستان اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کسی کو اداروں کی تضحیک کی اجازت نہیں ہے پیمرا نے عدالت کی جانب سے تاحیات نااہل قرار دیئے گئے شخص کو ریاستی اداروں پر حملہ آور ہونے کی اجازت کیسے دی۔ مراد سعید نے یہ بھی لکھا کہ پیمرا نے نواز شریف کی جانب سے ریاست کو عدم استحکام اور داخلی انتشار کا شکار کرنے کی کوششوں کا رستہ کیوں نہیں روکا۔