• news

ملکی سلامتی‘ امن کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہوگا: مسعود خان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان قائدین کی انتھک کوششوں اور لوگوں کی بے مثال محنت کی بدولت ایک ناقابل تسخیر قلعہ بن چکا ہے۔ ملکی سلامتی، استحکام اور امن کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا ہو گا۔ ہر سطح پر ہماری صفوں میں اتحاد نہیں ہوگا تو دشمن ہمیں اندر سے کمزور کرنے کی سازش کرے گا۔ پاکستان کا قیام ایک معجزہ تھا جو قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں اور جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کے جوش و جذبہ کی بدولت رونما ہوا۔ پاکستان ملت اسلامیہ کے لئے کسی تحفے سے کم نہ تھا۔ ہمیں ہر قیمت پر اسکی حفاظت کرنا ہوگی۔ اس وقت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں۔ 70ویں یوم آزادی پر ہم نے جشن منایا لیکن ہم اندر سے دکھی اور آشکبار بھی ہیں۔ آج پاکستان آزاد ہے۔ ہندوستان آزاد ہے لیکن ہمارے جسم کا ایک حصہ دشمن کے شکنجے میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے گزشتہ روز یہاں کشمیر ہائوس ملٹی پرپز ہال میں وزارت امور کشمیرو گلگت بلتستان کے زیراہتمام زندگی کے مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات اور دیگر شخصیات کو انعامات و ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر ، ممبران آزاد جموں و کشمیر کونسل اور ممبران گلگت بلتستان کونسل بھی موجود تھے۔ لائن آف کنٹرول کے اس پار پاک افواج کے بہادر افسران، جوان اور سویلین بھارتی گولہ باری کا نشانہ بنتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم مودی اور اُنکی قابض افواج جتنا مرضی ظلم بڑھائیں کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر سے فوج واپس بلائے یہ دھرتی اُنکی نہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے بچہ بچہ یہ نعرہ بلند کرتا ہے کہ ہم آزادی چاہتے ہیں۔ تقریب میں آزاد کشمیر کی 15 اور گلگت بلتستان کے 20 افراد کو انعامات اور ایوارڈز سے نوازا گیا ۔ آزاد کشمیر سے ایوارڈ حاصل کرنیوالوں میں ممتاز اینکر پرسن میر محمد علی، گلوکارہ بانو رحمت، عکسی خان درانی، سپیشل اولمپکس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے سپیشل کھلاڑیوں اظہر بشیر، فیصل خورشید، عطیہ رانی، ذکا احمد قریشی، محمود احمد بلوچ، طالبات فاطمہ محمود ، نازش شیراز ،عاصمہ بتول ، قدسیہ عرفان ، اور طلباء سید محمد مسعود اقبال کاظمی، محمد شفیق اور فیصل راٹھور شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن