دہشت گردی کا جلد مکمل خاتمہ کرینگے، آغا خان ہیلتھ سروسز کا کردار نمایاں: صدر ممنون
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اس سلسلے میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے ورثے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات متحدہ امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشا النعیمی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ہدف تھا لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا۔ جلد ہی اس فتنے کا مکمل خاتمہ کردیا جائیگا۔ انہوں سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید گہرائی پیدا کرنے کیلئے شاندار خدمات انجام دیں۔ مزید برآں صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے زیرِاہتمام مختلف ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے سے ملک میں عام لوگوں کی حالت زار اور تعمیری شعبوں میں بہتری آئی ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں آغا خان کونسل کے پاکستان میں صدر حافظ شیرعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرصدر مملکت کی جانب سے پرنس کریم آغا خان کو انکی امامت کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر مبارکباد کے جواب میں پرنس کریم آغا خان کے شکریہ کا خط بھی صدر مملکت کو پیش کیا۔ صدر مملکت نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں آغا خان فاؤنڈیشن اور آغا خان ہیلتھ سروسز کا کردار بہت سے شعبوں میں نمایاں ہے۔