آئی جی پولیس کا شیخوپورہ میں تاوان کیلئے اغوا بچے کے قتل پر اظہار برہمی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ عبادت گاہوں، چرچز، تعلیمی اداروں اور خاص کر مخلوط نظام تعلیم والے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔ بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی مانیٹرنگ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور گزرنے والی گاڑیوں اور افراد کو نہایت باریک بینی سے چیک کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے شیخوپورہ میں تاوان کے لیے اغواء کیے گئے آٹھ سالہ بچے کے قتل پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آر پی او اور ڈی پی او شیخوپورہ کو ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ سفاک ملزمان معاشرے کا ناسور ہیں جنہیں کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہ اٹھارکھی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ویڈیو لنک آرپی اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس میں ڈی آئی جی آپریشنز، عامر ذوالفقار خان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ پنجاب، زعیم شیخ، اے آئی جی آپریشنز ، وقار عباسی،اے آئی جی احسن یونس اور اے آئی جی لاجسٹکس، رائے بابر سعیدکے علاوہ سی پی او کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔