• news

مسلم کرسچن اتحا د کا ا یس پی کیپٹن(ر) ذیشان کیلئے قائد اعظم ایوارڈ کا اعلان

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) مسلم کرسچن اتحاد نے منشیات اور سٹریٹ کرائمز کیخلاف موثر کارروا ئیوں پر اسلام آباد پولیس کے ایس پی کیپٹن(ر) ذیشان کیلئے قائد اعظم ایوارڈ دینے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا کہ اسلام آباد پولیس کے جوان ایس پی کیپٹن(ر ) ذیشان کی قیادت میں مختلف سیکٹرز سے منشیات فروشی کے خاتمے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس پر پولیس جوانوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔مسلم کرسچن اتحاد کے صدر لالہ افضل خان نے کہا کہ ایس پی کیپٹن(ر) ذیشان جس دن سے وفاقی پولیس میں تبدیل ہو کر آئے ہیں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز خصوصی طور پر جی سیکس‘ جی سیون ‘ جی ایٹ اور دوسرے متعلقہ سیکٹرز میں نوجوان نسل جو کہ تیزی کے ساتھ منشیات کی لعنت میں مبتلا ہو رہی تھی اور منشیات فروش کھلے عام دھندا کرنے میں مصروف تھے۔ اب ایس پی کیپٹن(ر) ذیشان کی قیادت میں مختلف چھاپوں میں متعدد منشیات فروش گرفتار کئے گئے ہیں اور انکو سزائیں دی گئی ہیں جس کی وجہ سے اب منشیات کی لعنت ختم ہو گئی ہے اور نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہے اس لئے بہترین اور کامیاب کارروائیوں پر ایس پی کیپٹن(ر ) ذیشان کیلئے اتحاد کی طرف سے قائداعظم ایوارڈ دیا جائیگا جس کیلئے باقاعدہ طور پر مخصو ص تقریب منعقد کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن