• news

بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز کاروائیاں کی جائیں، باسط زمان احمد

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو ) کے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد نے کہاہے کہ بجلی چوروں کیخلاف بلاامتیاز کاروائیاں کی جائیں اور بجلی چوروںپربھاری جرمانے عائد کئے جائیں کیونکہ بجلی چور اس ملک کے دشمن ہیں ۔ کسٹمر فرینڈلی کمپنی کے دعوے کو صارفین سے بہترین تعلقات قائم کر کے ہی سچ ثابت کیا جاسکتا ہے اور اچھے تعلقات کیلئے ضروری ہے کہ صارفین کے بجلی سے متعلقہ تمام معاملات کوترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس احسا س کو دل میں پیدا کیا جائے کہ عہدے اللہ تعالے کا احسان اور امتحان ہیں ، امانت داری سے ڈیوٹی انجام دے کر ہی ہم اللہ کے حضور سرخرو ہوسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئیسکو چیف نے آئیسکو ہیڈ آفس میں آئیسکو ریجن کے پانچوں آپریشن سرکلز بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال سرکلز کے ایس ایز ، ایکسئنز اور ایس ڈی او وز کی ماہانہ کارکردگی بارے منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا۔آئیسکو چیف نے تمام افسران کو ہدایت جاری کی کہ ہمیں نیپرا کی جانب سے دئیے گئے اہداف کو ہر صورت پورا کرنا ہے اور اس کے لئے تمام افسران اور عملے کو ہنگامی بنیادوںپر محنت کرنا ہوگی اور ہماری ٹیم کا حصہ صرف وہی افسران اور عملہ ہوں گے جو دلجمعی اور دیانتداری سے کام کریںگے۔ غیر ذمہ دار اور اور افسران جن کے رزلٹ اچھے نہیں ان کی اس کمپنی میںکوئی جگہ نہیں ۔ تما م سرکلز کے ایس ڈی اووز ، ایکسیئنز اور ایس ایز نے آئیسکوچیف کو لائن لاسز ، نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی ، بجلی چوروںکیخلاف کی جانیوالی کاروائیوں ، موبائل میٹر ریڈنگ کی درستگی، بجلی کے نئے کنکشنز کے اجراء اور نیٹ میٹرنگ کے کنکشنز کے اجراء کے بارے میں بریفنگ دی، آئیسکو چیف نے اجلاس کے اختتام پر تمام افسران کو ماہ دسمبر کیلئے اہداف بھی دئیے اور ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو وارننگ لیٹرجاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن