• news
  • image

کرونا پر چین کی کارآمد تجاویز

کرونا وائرس کا پھیلائو پاکستان میں جاری ہے، متاثرین کی تعداد 3160ہوگئی جبکہ گزشتہ روز سوات میں 2، لاہور ،کراچی اور بہاولپور میں ایک ایک مریض جان کی بازی ہار گئے، جس سے جاں بحق ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 48ہوگئی۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 254، سندھ میں 51، خیبرپی کے 405، بلوچستان 9 اور گلگت بلتستان میں 13جبکہ آزادکشمیر میں 3کیس سامنے آئے۔
کرونا کے تدارک کیلئے لاک ڈائون سمیت مرکزی اور صوبائی حکومتیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔ اب تک کی کوششوں کا حوصلہ افزا پہلو یہ ہے کہ کرونا کے مریض صحت یاب بھی ہو رہے ہیں۔سندھ میں ایک دن میں 68مریض قرنطینہ سے باہر آئے اور جاں بحق ہونے کی شرح بدستور گزشتہ دنوں کی طرح ہے مگر باقی دنیا کے مقابلے میں یہ بھی کم تشویش کا باعث ہے۔ امریکہ میں ایک دن میں 1169اور برطانیہ میں 621ہلاکتیں ہوئیں۔ چین نے کرونا پر قابو پا لیا، اب پوری دنیا پاکستان سمیت چین کے ماڈل کو فالو کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گزشتہ روز چین کے ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کاوشوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی ڈاکٹروں اور ماہرین نے پنجاب حکومت کے حفاظتی اقدامات اور علاج معالجہ کے ایس او پیز کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کا پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت کے اقدامات بارآور ثابت ہوں گے۔ چینی وفد نے کہا کہ سماجی فاصلے کرونا وائرس سے بچائو میںاہم کردار ادا کرتے ہیں، کم از کم 28دن کیلئے لاک ڈائون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ پاکستان میں 15اپریل تک لاک ڈائون کا فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔ 22اپریل کو لاک ڈائون کو 28دن ہو جائیں گے۔ خدانخواستہ اس کے بعد بھی لاک ڈائون کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو قوم اس موذی وباء سے نجات کیلئے تمام تر مشکلات کے باوجود اس کیلئے تیار ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن