• news

قندوز کی مسجد میں جمعہ کے دوران خود کش حملہ،60نمازی جاں بحق،200زخمی


قندوز‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این این + نیٹ نیوز) افغانستان کے صوبہ قندوز میں نماز جمعہ کے دوران خودکش بم دھماکہ میں 60 نمازی جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز کے علاقہ سعید آباد میں ایک مسجد میں اس وقت زوردار دھماکہ ہوا جب وہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جا رہی تھی۔ ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے ایمبولینس میں اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ طالبان نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا۔ حملے کی ذمہ داری داعش خراسان گروپ نے قبول کر لی۔ ترجمان طالبان اور نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹ میں بتایا شیعہ کمیونٹی کی مسجد میں دھماکہ ہوا ہے جس میں ہمارے متعدد ہم وطن جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ یاد رہے امریکی فوج کے انخلاء کے بعد یہ مذہبی مقام پر مہلک ترین رواں ہفتے تیسرا حملہ ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا۔ مقامی میڈیا اور غیرملکی نیوز ایجنسی نے ہلاکتیں 50 بتائی ہیں۔  محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ مطیع اللہ روحانی نے بھی تصدیق کی کہ دھماکہ خودکش تھا۔ قندوز ہسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ان کے پاس 35 نعشیں اور 50 زخمی لائے گئے۔ ترک خبر رساں ایجنسی انادولو نے افغانستان کے مقامی ریڈیو کے حوالے سے کہا ہے کہ دھماکے میں 100 کے قریب افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یو این مشن کے ترجمان‘ قندوز کے ڈپٹی پولیس چیف دوست عبیدہ نے بتایا 100 افراد مارے اور زخمی ہوئے ہیں۔ صوبائی محکمہ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے 50 ہلاکتوں اور 50 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔ پاکستان نے قندوز کی مسجد پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حملے میں جانی نقصان پر دکھ ہے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت افغان بھائیوں کے ساتھ ہیں۔ حملے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن